لاہور8نومبر ( اے پی پی ): وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے آج سروسز ہسپتال کی ایمرجنسی، اپ گریڈیشن پراجیکٹ اور ریڈیالوجی ڈیپارٹمنٹ کا اچانک دورہ کیا۔وزیر اعلی محسن نقوی نے ایمرجنسی بلاک میں مریضوں کی عیادت کی اور علاج معالجے کی سہولتوں کے بارے استفسار کیا۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے سروسز ہسپتال کی مین بلڈنگ کی اپ گریڈیشن کے کام کا جائزہ لیا۔ وزیر اعلی محسن نقوی ہر فلور پر گئے اور جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا معائنہ کیا۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے بیڈز اور دیگر اشیاء اوپن ایریا میں رکھنے پر برہمی کا اظہارکرتے ہوئے اشیاء کو مناسب جگہ پر رکھنے کا حکم دیا اور اس ضمن میں سپیشل سیکرٹری ہیلتھ کو ہدایات جاری کیں کہ وہ تعمیر و مرمت کے دوران اتاری گئی اشیاء کو اپنی نگرانی میں محفوظ جگہ پر منتقل کر ائیں۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے تعمیراتی سرگرمیوں کو تیز کرنے کی ہدایت کی۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے ریڈیالوجی ڈیپارٹمنٹ کے بیسمنٹ اور پارکنگ میں گندگی کے ڈھیر دیکھ کر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایم ایس صاحب کیا آپ نے اس بیسمنٹ کا کبھی دورہ کیا ہے۔ اگر آپ نے یہاں کا دورہ کیا ہوتا تو صفائی کی ایسی ابتر صورتحال نہ ہوتی۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے بیسمنٹ اور پارکنگ میں فوری صفائی کا حکم دیا اورایم ایس اور پرنسپل کو ہسپتال کا باقاعدگی سے وزٹ کی ہدایت کی۔ سیکرٹری تعمیرات و مواصلات، سیکرٹری صحت، سپیشل سیکرٹری صحت بھی اس موقع پر موجود تھے۔











