ٹنڈومحمدخان،04 نومبر(اے پی پی):اشیاء خوردونوش مہنگے نرخوں پر فروخت کیے جانے کی شکایت پر مختیار کار بلڑی شاہ کریم حرکت میں آگئے، اچانک تجارتی مراکز کے دورے کے دوران متعدد تاجروں پر جرمانے عائد کیے۔
ڈسٹرکٹ ٹنڈومحمدخان کی تحصیل بلڑی شاہ کریم کے مختیار کار گوہر یاسین نے بتایا کہ بلڑی شاہ کریم شہر میں مہنگے داموں پر اشیاء خوردونوش فروخت کیے جانے کی عوامی شکایات پر کارروائی کے دوران متعدد تاجروں پر مارکیٹ ریٹ سے اضافی قیمت پر اشیاء خوردونوش فروخت کرنے پر معمولی نوعیت کے جرمانے عائد کیے گئے،اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ چاہے کوئی کتنا ہی بااثر کیوں نا ہو اسے ہرگز مارکیٹ ریٹ سے مہنگے نرخوں پر روز مرہ کی اشیاء فروخت کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، ان کا کہنا تھا کہ آج کی کارروائی کے دوران تاجروں پر معمولی نوعیت کے جرمانے عائد کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ آئندہ شکایت ملنے پر بھاری جرمانے عائد کرتے ہوئے قانونی کارروائی کی جائے گی۔











