پی پی پی واحد سیاسی جماعت ہے جس نے ہمیشہ جمہوریت،صاف و شفاف انتخابات پر یقین کیا،شازیہ مری،فیصل کریم کنڈی

49

 

کوئٹہ،29نومبر(اے پی پی): پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات سابق وفاقی وزیر شازیہ مری اور مرکزی ترجمان فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ غزہ میں انسانی حقوق کی پامالی کی گئی جس کی مثال کہیں نہیں ملتی، جب ہم جئے بھٹو کا نعرہ لگاتے ہیں تو مخالفین کی روح کانپ اٹھتی ہے۔ پیپلزپارٹی ملک سے نفرت کی سیاست کا خاتمہ چاہتی ہے جب تک لوگوں کے جائز حقوق نہیں ملتے تب تک جدوجہد جاری رہی گی، پاکستان پیپلز پارٹی واحد سیاسی جماعت ہے جس نے ہمیشہ جمہوریت،صاف و شفاف الیکشن پر یقین کیا ،امید ہے کہ موجودہ چیف جسٹس سپریم کورٹ کی موجودگی میں صاف و شفاف الیکشن منعقد ہوں گے، آنیوالے الیکشن میں کامیاب ہو کر بلوچستان کی ترقی پر مکمل توجہ دیں گے اور یہاں کے عوام کی جو تحفظات ہیں ان کا خاتمہ کریں گے۔ 56 ویں یوم تا سیس انتہائی اہمیت کا عامل ہے اور یوم تاسیس منانے کیلئے کوئٹہ کا انتخابات کیا گیاہے ،آمریت میں لوگ تڑپ رہے تھے جس کے خلاف شہید بے نظیر بھٹو نے موثر آواز بلند کی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔

 شازیہ مری نے کہاکہ بلوچستان آکر بہت خوشی ہورہی ہے غزہ میں اسرائیل کی جانب سے جارحیت کی مذمت کرتے ہیں بلاول بھٹو زرداری نے فلسطین میں بچوں اور ہسپتالوں میں بم گرانے کی بھرپور مذمت کی ہے، پیپلزپارٹی کی قیام سے جمہوریت کی بیج بویا گیا،56 ویں یوم تا سیس انتہائی اہمیت کا عامل ہے، یوم تاسیس 56 سالہ جدوجہد کی کہانی ہے ،ہماری جدوجہد جمہوریت کیلئے ہے جب تک لوگوں کے جائز حقوق نہیں ملتے تب تک جدوجہد جاری رہے گی،56 ویں یوم تاسیس منانے کیلئے کوئٹہ کا انتخابات کیا گیا، شریک چیئرمین آصف علی زرداری عوام کیلئے ملک کو چھوڑ کر نہیں جاتے ،شہید بی بی کو جلاوطنی کے دنوں پل پل ملک پر گزرنے والے حالات کا اندازہ تھا، پیپلزپارٹی کی جنگ غربت بے روزگاری انتہاءپسندی سے ہے پیپلزپارٹی ملک سے نفرت کی سیاست کا خاتمہ چاہتی ہے ہم ملک میں عوام کی مزید تقسیم نہیں چاہتے، سابق صدر آصف علی زرداری نے بلوچستان میں زیادتی پر معافی مانگی ، انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی نے اپنے دور میں آغاز حقوق بلوچستان پیکیج کے تحت حقوق دینے کا آغاز کیا ،پیپلزپارٹی نے 18وین ترمیم کے تحت بلوچستان کو حقوق دینے کی کوشش کی لوگ 18 ویں ترمیم کو سمجھے بغیر تنقید کرتے ہیں، ہماری لڑائی کسی شخص کے خلاف نہیں بلکہ معاشی حالت ٹھیک کرنا ہماری بنیادی ذمہ داری ہے ، گوادر پورٹ سمیت دیگر پراجیکٹ پیپلز پارٹی کے مرہون منت ہیں کریڈٹ بہت لوگ لے رہے ہیں لیکن سب کو معلوم کہ سی پیک میں آصف علی زرداری کا اہم کردار ہے اوراین ایف سی پی پی کی مرہون منت ہے پی پی بلوچستان کے درد سمجھ سکتی ہے۔

 انہوں نے کہاکہ پاکستان پیپلز پارٹی انتقام کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی ،پی ٹی آئی دور حکومت میں تمام ممالک سے تعلقات میں دوریاں پیدا ہوئیںلیکن بلاو ل بھٹو زرداری نے اس کو واپس بحال کیا، سیلاب میں بلوچستان کو پی پی نے بھرپور توجہ دی اور بلاول بھٹو زرداری ایک گرج آواز تھی۔ انہوں نے کہاکہ انتقام کی سیاست کو خیرباد کہنا ہوگا اور ملک کے مسائل حل کرنے توجہ دینا چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ آج کوئٹہ میں یوم تاسیس میں آصف علی زرداری، بلاول بھٹو زرداری سمیت تمام مرکزی قائدین شرکت کرے گی۔

فیصل کریم کنڈی نے کہاکہ پی پی 56واں یوم تاسیس بلوچستان میں منائی جارہا ہے، بلاول بھٹو زرداری اور آصف علی زرداری آج پاکستان کے عوام کیلئے ایک اہم پیغام بلوچستان سے دینے جارہے ہیں ،بلوچستان کو سب سے زیادہ فنڈز پی پی کے دور میں ملا ،انہوں نے کہاکہ عوام کے کہنے پر ہم نے بلوچستان کی حکومت کا خاتمہ کیا لیکن پھر یہاں پر ایک لاڈلے کی حکومت آئی جس نے بلوچستان پر مظالم ڈھائے گئے ۔ انہوں نے کہاکہ 2018 میں الیکشن نہیں بلکہ سلیکشن ہوئی اور ملک کو تباہی کے دہانے پر کھڑا کردیا گیا۔

 انہوں نے کہاکہ چیف جسٹس پاکستان جسٹس فائز عیسیٰ کے ہوتے ہوئے کوئی الیکشن ملتوی نہیں کرسکتا اور امید ہے کہ صاف و شفاف الیکشن ہوں گے، انہوں نے کہاکہ بلوچستان میں بڑا ایشو چمن میں دھرنا ہے اس پر نگران وفاقی وزرداخلہ کو ان کے پاس جاکر ان کو سننا چاہئے اور ان کے جائز مطالبات تسلیم کرنے چاہیئں، انہوں نے کہاکہ اگر صاف و شفاف انتخابات نہیں ہوئے تو ملک مزید معاشی صورتحال سے دوچار ہوگا،ن لیگ نے ہمیشہ اداروں پر الزامات لگائے ہیں ادارے ن لیگ کے ساتھ نہیں ہیں، 8 فروری کو جیت پاکستان پیپلز پارٹی کی ہوگی۔