گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے سی ای او دانش سکول سسٹم احمر ملک کی ملاقات

22

 

لاہور،25نومبر  (اے پی پی):گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے  سی ای او دانش سکول سسٹم احمر ملک نے ہفتہ  کو  یہاں گورنر ہائوس لاہور میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران سیکرٹری سکول ایجوکیشن احسن وحید بھی موجود تھے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ دانش سکولز کا قیام اس وقت کے وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کا ایک انقلابی اقدام تھا ۔انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے  پسماندہ علاقوں کے بچے اور بالخصوص وہ بچے جو والدین کی شفقت سے محروم ہیں کی تعلیم و تربیت میں دانش سکولوں کا نمایاں کردار ہے۔

 گورنر پنجاب نے کہا کہ آج یہ بچے ملک کی اعلی ترین جامعات میں اپنے میرٹ کی بدولت پڑھائی جاری کر رہے ہیں اور ثابت کر رہے ہیں کہ یہ ادارے ایک اعلی و ارفع مقاصد لیے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دانش سکولز کی قابل ترین ٹیم ان مقاصد کے لیے جانفشانی سے کام کرتے ہوئے کامیاب ہوتی نظر آ رہی ہے۔

 گورنر پنجاب نے کہا کہ اس وژن کی حوصلہ افزائی کرنے کی ضرورت ہے تاکہ یہ بچے تعلیم حاصل کر کے نہ صرف اپنے خواب پورے کریں بلکہ ملک و قوم کا اثاثہ بنیں۔ انہوں نے دانش سکولز کی اچھی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کوتعلیم دینے کے ساتھ ساتھ ان کی بہترین کردار سازی پر بھی توجہ دیں۔

اس موقع پرسی ای او دانش سکول سسٹم احمر ملک نے گورنر پنجاب کو دانش سکول سسٹم پر بریفنگ دی۔انہوں نے کہا کہ تقریبا 11 ہزار مستحق بچوں کو جنوبی پنجاب کے مختلف اضلاع میں قائم دانش سکولز میں تعلیم اور رہائش کی مفت سہولیات دی جا رہی ہیں۔

 سی ای او دانش سکولز سسٹم نے گورنر پنجاب کا پرائیویٹ یونیورسٹیوں میں دانش سکولز کے بچوں کے لیے سکالرشپس اور سیٹیں مختص کرنے میں کردار ادا کرنے پر شکریہ ادا۔