اوکاڑہ،08نومبر(اے پی پی)یونیورسٹی آف اوکاڑہ کی فیکلٹی آف ایجوکیشن کے مختلف ڈگری پروگرامز کی نیشنل ایکریڈیٹیشن کونسل فارٹیچر ایجوکیشن سے منظوری کےلیے جمع کروائے جانے والے کاغذات کی تیاری میں رہنمائی فراہم کرنے کےلیے کونسل کے سیکریٹری، ڈاکٹر خالد محمود ،نے یونیورسٹی کا دورہ کیا اور ایک شعبہ ایجوکیشنل اسٹڈیز کے سربراہ، ڈاکٹر سید عبد الوحید، کی جانب سے منعقد کردہ ایک تعارفی سیشن سے خطاب کیا۔ اس سیشن میں فیکلٹی آف ایجوکیشن کے تمام اساتذہ اور سربراہاں شعبہ جات نے شرکت کی۔ سیشن کے آغاز میں ڈاکٹر خالد نے جامعات میں ایجوکیشن کے پروگرامز کا میعار تعلیم بہتر بنانے کےلیے ایکریڈیٹیشن کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مجاز اتھارٹی سے منظوری کےلیے کیے جانے والے اقدامات کے ذریعے ہم طلباء کو بہترین سہولیات اور اعلی معیار تعلیم کی فراہمی یقینی بنا سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس سے یونیورسٹی کی شہرت اور لوگوں کا اس پہ اعتماد بھی بڑھتا ہے۔
ڈاکٹر خالد نے کونسل سے منظوری کے تمام مراحل پہ سیر حاصل گفتگو کی اور ان مراحل میں استعمال ہونے والے کاغذات کی تیاری پہ تفصیلی رہنمائی فراہم کی۔ فیکلٹی آف ایجوکیشن کے اساتذہ نے ڈاکٹرخالد سے وقفہ سوال و جواب میں منظوری کے عمل کے متعلق اپنے ابہامات اور سلسلے میں پیش آنے والی مشکلات پہ کھل کر بات چیت کی۔ سیشن کے اختتام پہ ڈاکٹر وحید نے اوکاڑہ یونیورسٹی آمد اور اہم معلومات کی فراہمی پہ ڈاکٹر خالد کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ سیشن ہمیں تمام کاغذات کی مکمل تیاری میں رہنمائی مہیا کرے گا اور ایکریڈیٹیشن کونسل کی منظوری سے اوکاڑہ یونیورسٹی کی فیکلٹی آف ایجوکیشن میں معیار تعلیم مزید بہتر ہو گا۔











