سندھ کے صوفی بزرگ حضرت سچل سرمست کے عرس کا افتتاح کر دیا گیا

0

سکھر،25 مارچ (اے پی پی):سندھ کے معروف شاعر اور بزرگ حضرت سچل سرمست کے سالانہ عرس مبارک کا افتتاح کر دیا گیا ۔ ہفت زبان شاعر و عظیم صوفی بزرگ سخی عبدالوہاب فاروقی المعروف سچل سرمست ؒ کے سالانہ 203 ویں عرس مبارک کا افتتاح کر دیا گیا ہے ۔وزیر اعلی سندھ کی جانب سے صوبائی وزیر ثقافت، سیاحت، نواردرات سید ذوالفقار علی شاہ نے مزار پر چادر چڑھائی اور عرس مبارک کا افتتاح کیا ۔  درگاہ کے سجادہ نشین خواجہ عبدالحق فاروقی سوئم ، رکن سندھ اسمبلی ہالار خان وسان، کمشنر سکھر ڈویژن فیاض حسین عباسی اور ڈپٹی کمشنر سید احمد فواد شاہ بھی ان کے ہمراہ تھے ۔

 عرس مبارک کے افتتاح اور سچل ایوارڈ تقریب مزار کے سماع ہال میں منعقد ہوئی ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر ثقافت، سیاحت، نواردرات سید ذوالفقار علی شاہ نے کہا کہ گزشتہ سندھ حکومت کے دور میں درگاہ حضرت سچل سرمست کے مزار کے لیے 30 کروڑ روپے کی پی سی ون منظور کی گئی تھی لیکن نگراں حکومت میں اس پر کام نہیں ہوا ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ عمرے کی سعادت کے لیے ملک سے باہر ہیں ،ان کی ہدایت پر عرس کے افتتاح کا اعزاز مجھے ملا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے درگاہ کے سجادہ نشین کی بات چیت ہوئی ہے جلد درگاہ کے لیے منظور کی گئی گرانٹ اور عملدرآمد کیا جائے گا ۔

 اس سے قبل درگاہ کے سجادیہ نشین خواجا عبدالحق فاروقی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں سندھ حکومت سے بڑی امیدیں ہیں اور سندھ حکومت درگاہ کے مسائل اور مرمت سمیت دیگر اقدامات کو بروئےکار لانے میں عملی طور پر مظاہرہ کرےتاکہ متعقدین کو سہولیات میسر آسکیں ۔

سچل یادگار کمیٹی کے چیئرمین ڈپٹی کمشنر سید احمد فواد شاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ سچل سرمست  کا پیغام عام کرنے کے لیے یادگار کمیٹی گزشتہ 60 سالوں سے اپنے کوششوں کو عملی جامہ پہنارہی ہے اور صوبائی وزیر کے توسط سے ہماری درخواست ہے کہ درگاہ کے مرمت، لائبریری کی تعمیر، ریسٹ ہائوس ، ایکسپریس بجلی کی فراہمی اور دیگر اہم اقدامات کو جلد مکمل کیا جائے ۔ انہوں نے عرس مبارک کے موقع پر آنے والے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔

اس موقع پر رکن سندھ اسمبلی بیرسٹر ہالار خان وسان، سابق ایم پی اے منور علی وسان، اوقاف کے سیکرٹری و ڈائریکٹر جنرل ثقافت منور علی مہیسر ، کمشنر سکھر ڈویژن فیاض حسین عباسی،   ایس ایس پی زبیر نظیر شیخ ، یادگارکمیٹی کے وائس چیئرمین لال بخش منگی ، نظر محمد گاہو، سیکرٹری یادگار کمیٹی مختیار ملک، ایڈمنسٹریٹو آفیسر ندیم پٹھان، چیف ایڈمنسٹریٹر ممتاز علی چنا، ایڈمنسٹریٹر ارشاد علی سموں ، درگاہ کے منیجر منیر احمد چنا، قربان منگی، ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن سید ساجد حسین شاہ، ڈی آئی بی انچارج علی گل ملاح اور دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں ۔