پرویز شوکت کا نام ٹریڈ یونین مزدوروں کے حوالے سےیاد رکھا جائے گا، مقررین

47

 

کراچی، 11 مارچ (اے پی پی):کچھ لوگ ایسے ہوتے ہیں جن کی فطرت میں انسانیت رچی بسی ہوتی ہے، وہ بغیر کسی غرض کے  عوام الناس کی فلاح اور فائدے پہنچانے کیلئے کام کرتے ہیں، ایسے ہی لوگوں میں پرویز شوکت (مرحوم) کاشماربھی ہوتا ہے اور ان کا نام صحافتی تنظیموں اور ٹریڈ یونین مزدوروں کے حوالے سےیاد رکھا جائے گا، ان کے انتقال کے بعد ملک بھر میں ان کی یاد میں تعزیتی اجلاس ہورہے ہیں جو ان کی عظیم شخصیت کی غمازی کرتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار کراچی پریس کلب میں پرویز شوکت کے تعزیتی اجلاس سے سینئر صحافیوں مظہر عباس، امین یوسف، جاوید چوہدری، عرفان آرائیں، ناصر شیخ، امجد اسلام، شکیل یامین کانگا، داراظفر، رانا محمد یوسف، صابر علی اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

 اس موقع پر پرویز شوکت کے صاحب زادے علی رضا نے آن لان خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بڑا انسان وہ ہوتا ہے جس کی موت کےبعد انہیں یاد رکھا جائے ، ان کے والد کے لیے تعزیتی ریفرنس کے حوالے سے اسلام آبادسمیت ملک بھر کے دیگر شہرمیں اجلاس ہونا اور انہیں یاد رکھنا اور اور ان کی صحافیوں کے لیے جدوجہد کو سرہانے سمیت جدوجہد کو جاری رکھنے کے عزم ان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔

مقررین نے کہا کہ پرویز شوکت بلاشبہ ایک بڑے ٹریڈ یونینسٹ تھے جس نے صحافیوں سمیت میڈیا کارکنوں کے حقوق کیلئے بھرپور جدوجہد کی۔امین یوسف نے کہا کہ میں پرویز شوکت کے مشن کو آگے بڑھانے کے لئے تیار ہوں، مظہر عباس نے کہا کہ پرویز شوکت اور میڈیا کارکنان کا گہرا تعلق تھا، وہ ورکرز کی تکلیف کو اپنی تکلیف سمجھتے تھے،اگر میڈیا انڈسٹری کو زندہ رہنا ہے تو ضرورت اس بات کی ہے کہ اپنے تمام اختلافات کو ایک طرف رکھ کر تمام پی ایف یو جیز اور ورکرز تنظیموں کو ایک ہونا ہوگا۔