لاہور،12مارچ (اے پی پی):صوبائی وزیر محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلمان رفیق نے منگل کو پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا دورہ کیا اور ایک اجلاس کی صدارت کی۔ صوبائی وزیرخواجہ سلمان رفیق نے موڈیولر تھیٹرز کو مکمل کرنے کیلئے متعلقہ ادارہ سے ڈیڈ لائن مانگ لی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں کسی مریض کو کوئی مشکل نہیں آنے دیں گے۔پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں تمام موڈیولر تھیٹرز کو مکمل کرنے کیلئے دن رات کام کریں گے۔اس حوالے سے متعلقہ کمپنی کوموڈیولر تھیٹرز کو مکمل کرنے کیلئے چوبیس گھنٹے کام کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں دکھی انسانیت کو کسی صورت پریشانی نہیں ہونی چاہئے۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے علاوہ دیگر کارڈیالوجی ہسپتالوں کی استعدادکار بڑھائی جا رہی ہے۔
اجلاس میں سپیشل سیکرٹری محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن سید واجد علی شاہ، ایڈیشنل سیکرٹری آغا نبیل، چیئرمین بورڈ آف مینجمنٹ پروفیسر ڈاکٹر فرقد عالمگیر، سی ای او پی آئی سی پروفیسر ڈاکٹر انجم جلال، ایم ایس پی آئی سی ڈاکٹر سید محسن علی شاہ، فیکلٹی ممبران و دیگر افسران نے شرکت کی۔











