سہیل شوکت بٹ کا سروسز ہسپتال میں میڈیکل سوشل سروسز یونٹ کا اچانک دورہ

25

لاہور، 24 جولائی (اے پی پی): صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر و بیت المال سہیل شوکت بٹ نے سروسز ہسپتال لاہور میں محکمہ سوشل ویلفیئر کے تحت قائم کردہ میڈیکل سوشل سروسز یونٹ کا اچانک دورہ کیا۔ دورے کے دوران صوبائی وزیر  نے یونٹ کی عمارت کا معائنہ کیا اور معذور افراد کی سہولت کے لیے اہم احکامات جاری کیے۔ سہیل شوکت بٹ نے ہدایت کی کہ میڈیکل سوشل سروسز یونٹ کی عمارت کو معذور افراد کے لیے بلڈنگ کوڈ کے مطابق ڈھالا جائے اور وہیل چیئرز کی آسان نقل و حرکت کے لیے ریمپ فوری طور پر تعمیر کیا جائے۔ انہوں نے ویٹنگ ایریا، پینے کے ٹھنڈے پانی اور واش رومز کی صفائی و دستیابی یقینی بنانے کا حکم بھی دیا۔ وزیر سوشل ویلفیئر نے موقع پر موجود افراد باہم معذوری سے ملاقات کی اور ان سے سہولیات کی دستیابی سے متعلق معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے معذوری سرٹیفکیٹ کے حصول کے لیے آئے شہریوں سے براہ راست گفتگو بھی کی۔ سہیل شوکت بٹ نے معذوری اسسمنٹ بورڈ کے دفتر کا بھی دورہ کیا اور تمام پینڈنگ معذوری سرٹیفکیٹس کے فوری اجرا کی ہدایات جاری کیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سرٹیفکیٹ کے اجرا میں کسی بھی قسم کی تاخیر ناقابلِ قبول ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں افراد باہم معذوری کے لیے ہمت کارڈ، معاون آلات اور دیگر فلاحی منصوبے کامیابی سے جاری ہیں۔ ریاست ماں کی طرح ان افراد کا خیال رکھ رہی ہے اور انہیں ہر ممکن سہولت مہیا کی جائے گی۔ سہیل شوکت بٹ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ میڈیکل سوشل سروسز یونٹ میں معذور افراد کو فوری اور معیاری سروسز فراہم کرنا محکمہ کے عملے کی اولین ذمہ داری ہے۔ “آپ ہمارے بھائی ہیں، اور ہم اس معذوری کو آپ کی طاقت میں تبدیل کریں گے۔ “