پاکستان کی ترقی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے ، اسسٹنٹ کمشنر شجاع آباد سیدہ حمیرا شاہ

23

شجاع آباد،14 اگست (اے پی پی ):یومِ آزادی کے پرمسرت موقع پر اسسٹنٹ کمشنر شجاع آباد سیدہ حمیرا شاہ نے سب جیل شجاع آباد اور تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کا خصوصی دورہ کیا۔ سب جیل آمد پر سپرنٹنڈنٹ جیل نے انہیں پُرجوش گارڈ آف آنر پیش کیا اور جیل کا تفصیلی معائنہ کرایا۔ اسسٹنٹ کمشنر نے قیدیوں اور عملے میں مٹھائی تقسیم کی اور قومی دن کی خوشیوں میں سب کو شریک کیا۔

اس موقع پر اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ یومِ آزادی ہمیں قربانی، یکجہتی اور وطن کی خدمت کے عزم کی یاد دلاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی ترقی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور ہمیں اپنی اپنی جگہ پوری محنت اور دیانت داری سے کردار ادا کرنا ہوگا۔

بعد ازاں اسسٹنٹ کمشنر نے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کا بھی دورہ کیا، مریضوں کی عیادت کی، ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور مٹھائی تقسیم کی۔ تقریب میں “پاکستان زندہ باد” کے فلک شگاف نعرے گونجتے رہے اور فضاء ملی جذبے سے معمور رہی۔