سیالکوٹ،17 فروری( اے پی پی ): ): رمضان المبارک کے دوران اشیائے خوردونوش کی مقرر کردہ نرخوں پر فروخت ضلعی انتظامیہ کی بنیادی ترجیح ہے اور اس ضمن میں میڈیا کا تعاون ناگزیر ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق پرائس کنٹرول پر زیرو ٹالیرنس پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے جبکہ پرائس مجسٹریٹس کی جی پی ایس کے ذریعے نگرانی اور باقاعدہ آڈٹ بھی کیا جا رہا ہے۔یہ باتیں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) سیالکوٹ نعیم بشیر اور ڈی پی او حسیب راجہ نے رمضان المبارک کے انتظامات کے حوالے سے مشترکہ میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کیں۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نعیم بشیر نے کہا کہ ضلع بھر میں 37 رمضان دسترخوان لگائے جا رہے ہیں جہاں تقریباً چھ ہزار افراد کو روزانہ افطاری کی سہولت میسر ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ افسران منڈیوں میں جا کر بولی کے عمل کی نگرانی بھی کر رہے ہیں تاکہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو کنٹرول میں رکھا جا سکے۔
ڈی پی او حسیب راجہ نے کہا کہ میڈیا کی ذمہ دارانہ رپورٹنگ سے جرائم کی بیخ کنی میں مدد ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سہولت بازاروں اور رمضان دسترخوانوں کو مکمل سیکیورٹی فراہم کی جائے گی جبکہ بازاروں میں خواتین اور بچوں کے تحفظ کے لئے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ لیڈیز پولیس اہلکار بازاروں اور مارکیٹوں میں متحرک رہیں گی اور میگا فون کے ذریعے آگاہی بھی فراہم کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ سحری اور افطار کے اوقات میں سینئر پولیس افسران بھی فیلڈ میں موجود رہیں گے۔ڈی پی او نے کہا کہ نگہبان کارڈز کے حوالے سے کسی بھی نوسرباز کو فراڈ کی اجازت نہیں دی جائے گی اور عوام کو ہوشیار رہنے کی تلقین کی۔ انہوں نے کہا کہ سرچ آپریشنز جاری ہیں اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر مربوط حکمت عملی کے تحت کام کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ الحمدللہ ضلع میں مذہبی ہم آہنگی قائم ہے جس میں میڈیا کا کردار بھی قابلِ تحسین ہے۔ ذخیرہ اندوزوں کو سخت وارننگ دیتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ کسی قسم کی رعایت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔











