لاہور، 7 جنوری (اے پی پی): سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے ڈی-8 رکن ممالک کے اعلیٰ سطحی وفد کا تاریخی پونچھ ہاؤس لاہور میں پرتپاک استقبال کیا، جہاں بسنت کے موقع پر ایک رنگا رنگ ثقافتی تقریب اور ڈی-8 غیر رسمی ریٹریٹ کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں سیکرٹری جنرل ڈی-8 سہیل محمود کی سربراہی میں پاکستانی اور بین الاقوامی وفود نے شرکت کی۔ ڈی-8 مندوبین میں بنگلہ دیش، مصر، ایران، انڈونیشیا، ملائیشیا، نائجیریا، ترکی اور آذربائیجان کے نمائندے شامل تھے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر زراعت و لائیو اسٹاک سید عاشق حسین کرمانی سمیت دیگر ملکی و غیر ملکی شخصیات بھی موجود تھیں۔ تقریب میں پنجاب کی صدیوں پر محیط ثقافتی روایات کو اجاگر کیا گیا۔ مہمانوں کیلئے روایتی پتنگ بازی کا اہتمام کیا گیا جبکہ مقامی کھانوں سے بھی تواضع کی گئی۔ ڈی-8 مندوبین نے پنجاب کے ثقافتی حسن، مہمان نوازی اور ثقافتی ورثے کے تحفظ و فروغ کیلئے حکومتی اقدامات کو سراہا۔ دو روزہ قیام کے دوران وفد نے واہگہ بارڈر، شالامار باغ، مزارِ اقبال، بادشاہی مسجد، حضوری باغ اور شاہی قلعہ سمیت اہم تاریخی و ثقافتی مقامات کا دورہ کیا۔ ان مواقع پر وفد کو ان مقامات کی تاریخی اہمیت اور پنجاب کے ثقافتی پس منظر پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ مندوبین نے پنجاب میں مختلف شعبوں میں ہونے والی نمایاں پیش رفت اور مستقبل کے ترقیاتی منصوبوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ دورے کے اختتام پر باہمی خیرسگالی، دوستانہ تعلقات کے فروغ، ثقافتی روابط، اقتصادی تعاون اور عوامی سطح پر اشتراک کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔











