معیاری صحت کی سہولیات حکومت کی اولین ترجیح ہے، سید عمران احمد شاہ

14

ساہیوال،8 فروری ( اے پی پی): وفاقی وزیر تخفیفِ غربت و سماجی تحفظ سید عمران احمد شاہ نے  کہا ہے کہ معیاری صحت کی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے،صحت کے شعبے پر اربوں روپے خرچ کیے جا رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی ایچ کیو ہسپتال ساہیوال کے دورہ کے دوران کیا جہاں انہوں نے مختلف وارڈز میں طبی سہولیات اور مریضوں کے علاج کا جائزہ لیا۔

دورے کے دوران وفاقی وزیر نے مریضوں اور ان کے لواحقین سے ملاقات کی اور علاج معالجے اور دستیاب سہولیات سے متعلق مسائل سنے۔ انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مریضوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے۔

انہوں نے ڈاکٹروں اور طبی عملے کو مریضوں کے ساتھ عزت، توجہ اور حسنِ سلوک سے پیش آنے کی بھی ہدایت کی۔

وفاقی وزیر نے مزید بتایا کہ پاکستان بیت المال کے مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے جائزے کے لیے ملک بھر کے ہسپتالوں کے دورے جاری ہیں، اور اسی سلسلے میں وہ آئندہ دنوں میں میو ہسپتال لاہور کا بھی دورہ کریں گے۔