ملتان ،20 اپریل (اے پی پی): ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے ساؤتھ سٹی ہسپتال کا اچانک دورہ کیا جہاں انہوں نے مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات اور انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔
ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال کے مختلف وارڈز کا دورہ کیا اور صفائی ستھرائی کی صورتحال کا باریک بینی سے معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے زیر علاج مریضوں سے ملاقات کی اور ان سے علاج معالجہ اور دستیاب سہولیات کے حوالے سے براہ راست فیڈبیک بھی حاصل کیا۔
انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ سروس ڈیلیوری کو مزید بہتر بنایا جائے اور مریضوں کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے واضح کیا کہ صفائی اور طبی سہولیات میں کسی قسم کی کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔











