ملتان: تجاوزات کے خلاف آپریشن تیز اور صفائی مہم میں تیزی لانے کی ہدایت

12

ملتان، 21اپریل (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق کی زیر صدارت ضلعی محکموں کا اہم کارکردگی جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں مختلف محکموں کے سربراہان نے شرکت کی اور اپنی کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

ڈپٹی کمشنر نے اجلاس کے دوران تمام محکموں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا اور ہدایت کی کہ تجاوزات کے خلاف آپریشن کو مزید تیز کیا جائے تاکہ شہریوں کو درپیش مسائل کا فوری ازالہ ممکن ہو سکے۔

انہوں نے واسا کی جاری ترقیاتی سکیموں پر کام کی رفتار بڑھانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو ریلیف کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ “ستھرا پنجاب” مہم کے تحت تحصیل صدر میں میگا صفائی آپریشن جاری ہے، جس کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔

محمد نعمان صدیق نے صاف پانی کی فراہمی کے منصوبوں کے معیار پر زور دیتے ہوئے واضح کیا کہ اس حوالے سے کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے غیر قانونی ایل پی جی ری فلنگ کے خلاف بھی سخت کارروائی کا حکم دیتے ہوئے متعلقہ اداروں کو فوری ایکشن لینے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں ناقص کارکردگی دکھانے والے افسران کو سخت وارننگ دیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ غفلت یا لاپرواہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور ضرورت پڑنے پر ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور تمام محکمے اس مقصد کے حصول کے لیے متحرک کردار ادا کریں۔