ملتان :ڈی سی کا گورنمنٹ گرلز لیبارٹری ماڈل ہائی سکول کا دورہ، تعلیمی سہولیات بہتر بنانیکی ہدایت

10

ملتان ، 21 اپریل (اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر ملتان محمد نعمان صدیق نے گورنمنٹ گرلز لیبارٹری ماڈل ہائی سکول کا دورہ کیا اور وہاں فراہم کی جانے والی تعلیمی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔

اس موقع پر انہوں نے کلاس رومز، لیبارٹریز اور دیگر بنیادی سہولیات کا معائنہ کرتے ہوئے انتظامیہ کو بہتری کے لیے ضروری ہدایات جاری کیں۔ ڈپٹی کمشنر نے سکول میں قائم ایڈمیشن ڈیسک کا بھی دورہ کیا اور داخلہ کے جاری عمل کا جائزہ لیا۔

انہوں نے طلبہ کے داخلوں کے طریقہ کار اور ریکارڈ کی جانچ پڑتال کرتے ہوئے شفافیت کو ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے کہا کہ تعلیمی معیار کو مزید بہتر بنانا اور طلبہ کو بہترین سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔