وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے تحت معذور افراد کی بحالی کے لیے تاریخی اقدام

9

لاہور،21اپریل(اے پی پی) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے “معذوری سے پاک پنجاب” ویژن کے تحت ایک اہم سنگِ میل عبور کر لیا گیا ہے۔ صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر و بیت المال پنجاب، سہیل شوکت بٹ کی قیادت میں مصنوعی اعضا کی فراہمی کا منصوبہ کامیابی سے مکمل کر لیا گیا،اکتوبر 2025 میں شروع ہونے والے اس منصوبے کے تحت 173مستحق افراد باہم معذوری کو جدید بایونک مصنوعی اعضا فراہم کیے گئے۔

 اختتامی تقریب میں صوبائی وزیر نے لاہور، گوجرانوالہ، بہاولپور سمیت مختلف شہروں سے آئے افراد میں مصنوعی بازو اور دیگر بایونک آلات تقسیم کیے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سہیل شوکت بٹ نے کہا کہ بایونک مصنوعی اعضا جدید ٹیکنالوجی کے حامل ہیں، جو پٹھوں کے برقی سگنلز کے ذریعے حرکت کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، جس کے نتیجے میں مستفید افراد دوبارہ چلنے پھرنے اور روزمرہ زندگی کے امور انجام دینے کے قابل ہو رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں پہلی بار سرکاری سطح پر مایو الیکٹرک اور جدید پروستھیٹکس فراہم کیے گئے ہیں، جو افراد باہم معذوری کی معاشی اور سماجی بحالی کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔ ان مصنوعی اعضا نے مستفید افراد کی خودمختاری اور معاشرتی شمولیت میں نمایاں اضافہ کیا ہے۔

تقریب میں ڈی جی سوشل ویلفیئر، ڈاکٹر شہنشاہ فیصل عظیم اور دیگر افسران بھی شریک ہوئے، منصوبے کے تحت رواں مالی سال کے آخری مرحلے میں تمام مستحق افراد کو مصنوعی آلات کی فراہمی مکمل کر لی گئی ہے۔