لاہور 21 اپریل(اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت ایک خصوصی اجلاس میں صوبے بھر میں مہلک اور وبائی بیماریوں سے بچاؤ کے لیے جامع عوامی آگاہی مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وزیراعلیٰ خود اس صوبے گیر ہیلتھ آگاہی مہم کی قیادت کریں گی تاکہ عوام کو بیماریوں سے بچاؤ اور بروقت علاج سے متعلق مؤثر آگاہی فراہم کی جا سکے۔ اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے مہلک بیماریوں سے بچاؤ کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کی۔
انہوں نے سرکاری ہسپتالوں میں وبائی اور تیزی سے پھیلنے والے امراض کے سدباب کے لیے ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم دیا۔ مزید برآں، پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کو پرائیویٹ ہسپتالوں اور کلینکس میں صحت سے متعلق ایس او پیز کی باقاعدہ مانیٹرنگ کرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔
وزیراعلیٰ نے صوبے بھر میں عطائی کلینکس کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لانے کا بھی حکم دیا۔ اجلاس میں “چیف منسٹر پنجاب ڈیزیز پریوینشن پروگرام” شروع کرنے کی اصولی منظوری دی گئی، جس کے تحت ذیابیطس، ٹی بی، ایڈز اور ہیپاٹائٹس جیسے مہلک امراض سے بچاؤ کے لیے خصوصی پروگرامز شامل کیے جائیں گے۔ مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ مہلک بیماریوں سے بچاؤ کے لیے عوام میں شعور اور آگاہی بیدار کرنا ناگزیر ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ وبائی امراض سے بچاؤ کے لیے ابتدائی علامات سے آگاہی انتہائی ضروری ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ مریض کو صرف علاج ہی نہیں بلکہ زندگی کی امید دینا بھی حکومت کی ذمہ داری ہے۔
اجلاس میں سیکرٹری ہیلتھ اینڈ پاپولیشن نادیہ ثاقب نے وزیراعلیٰ کو تفصیلی بریفنگ دی، جس میں مجوزہ اقدامات اور پروگرام کی اہمیت پر روشنی ڈالی گئی-











