ملتان ,10مئی (اے پی پی ):ملتان میں “میں ہوں بنیان مرصوص” کے عنوان سے معرکۂ حق کی تاریخی کامیابی پر ایک عظیم الشان ریلی نکالی گئی، جس کی قیادت سابق ایم این اے محترمہ شاہین شفیق نے کی۔ ریلی میں ضلعی صدر مسلم لیگ (ن) بلال بٹ، ضلعی صدر یوتھ ونگ ملتان طارق امیر عباسی، مخدوم محمد رفیق کریمی، احسن امیر خان، حامد خان، تہمینہ نور سمیت خواتین و مرد حضرات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ریلی کا آغاز طارق امیر عباسی کے دفتر سے ہوا جبکہ اختتام باوا صفرا چوک پر کیا گیا۔ اس موقع پر بری، بحری اور فضائی افواج کی یادگار پر شمع روشن کی گئی اور پاک افواج کی عظیم کامیابی پر بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔شرکاء نے کہا کہ معرکۂ حق میں پاکستان کی تاریخی کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان ایک مضبوط اور ناقابلِ تسخیر ریاست ہے۔ مقررین کا کہنا تھا کہ دشمن چاہے کتنا ہی طاقتور کیوں نہ ہو، پاکستان اپنی دفاعی صلاحیت کے ذریعے اس کے ناپاک عزائم کو چند لمحوں میں ناکام بنانے کی بھرپور قوت رکھتا ہے۔ ریلی کا مقصد پاک فوج کی قربانیوں اور تاریخی فتح کو شاندار انداز میں خراجِ تحسین پیش کرنا تھا۔











