عوامی تحفظ اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے انتظامیہ متحرک، ڈپٹی کمشنر لاہور کا فیلڈ دورہ

5

لاہور،  01جون (اے پی پی): ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے عوامی تحفظ اور شہریوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کے سلسلے میں بی آر بی نہر، دریائے راوی کے ریلیف کیمپوں اور مریم نواز شریف ہیلتھ کلینک کا دورہ کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر واہگہ حافظ ذیشان منظور نے ریلیف کیمپوں اور ہیلتھ کلینک کے انتظامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

ڈپٹی کمشنر کو ریلیف کیمپوں کی آپریشنل صورتحال، عملے کی تعیناتی اور نہروں میں ڈوبنے کے واقعات کی روک تھام کے لیے تیار کی گئی جامع حکمت عملی سے آگاہ کیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ریسکیو کشتیاں اور لائف جیکٹس مکمل فعال حالت میں موجود ہیں جبکہ فیلڈ میں تعینات تمام عملہ ڈیوٹی روسٹر کے مطابق الرٹ ہے۔ بی آر بی نہر، دریائے راوی اور نہر کے ابتدائی مقامات پر ریلیف کیمپ فعال کر دیے گئے ہیں۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر لاہور نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ محکمے ریئل ٹائم کمیونیکیشن کے ذریعے باہمی رابطہ برقرار رکھیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ آفات سے نمٹنے کے لیے تمام اداروں کا باہمی اشتراکِ عمل انتہائی اہمیت کا حامل ہے جبکہ انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے ریلیف کیمپوں کا قیام ناگزیر ہے۔

بعدازاں کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے مریم نواز شریف ہیلتھ کلینک کا دورہ کیا اور وہاں طبی و انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہیں بریفنگ میں بتایا گیا کہ کلینک میں ادویات اور ضروری میڈیکل کٹس کا وافر ذخیرہ موجود ہے اور مریضوں کو بروقت طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ مریضوں کو ادویات کی فوری فراہمی یقینی بنائی جائے جبکہ واش رومز، ویٹنگ ایریاز اور دیگر سہولیات کی صفائی کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہر مریض کو بہترین معیار کی طبی سہولیات فراہم کرنا انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور مریم نواز شریف ہیلتھ کلینکس کو مثالی طبی مراکز بنایا جا رہا ہے۔

ڈپٹی کمشنر لاہور نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہریوں کے تحفظ، صحت اور فلاح و بہبود کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔