قصور،31 اکتوبر(اے پی پی):سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں، وفاقی وزیر مملکت ملک رشید احمد خان، صوبائی وزیر قانون رانا اقبال، رکن پنجاب اسمبلی ملک احمد سعید خاں اورسابق سینئر وائس چیئر مین ضلع کونسل قصور ملک اعجاز احمد خاں کی کھڈیاں خاص قصور میں 35ویں سالانہ کبڈی میلہ”جشنِ کھڈیاں“ کی شاندار تقریب میں شرکت۔کبڈی میلہ میں قصور اور پتوکی کی ٹیموں کے درمیان سنسنی خیز فائنل مقابلہ ہوا۔ مقررہ کھیل کے اختتام پر دونوں ٹیموں کا اسکور برابر رہا، جس کے بعد دونوں کو مشترکہ فاتح قرار دیا گیا۔ میلے میں معروف پنجابی گلوکار عارف لوہار نے اپنے فن کا مظاہرہ کرکے حاضرین کو محظوظ کیا۔
سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں کھیلوں کے فروغ اور کھیلوں کے میدان آباد کرنے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ کھیلتا پنجاب پروگرام نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں اور کھیلوں کے بہتر مواقع فراہم کرنے کی جانب اہم پیش رفت ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ایسے اقدامات سے صوبے میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو مزید فروغ ملے گا۔ ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ پنجابی زبان، ثقافت اور روایتی کھیل ہماری تہذیبی شناخت کا اہم حصہ ہیں۔ ان روایات کا تحفظ اور انہیں نئی نسل تک منتقل کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں پنجابی زبان بولنے اور سمجھنے والے عارف لوہار کو محبت اور پذیرائی حاصل ہے۔ عارف لوہار نے اپنے فن کے ذریعے پنجابی لوک موسیقی کو عالمی سطح پر متعارف کرانے اور اپنے والد کی فنی میراث کو زندہ رکھنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
سپیکر ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ کبڈی محض ایک کھیل نہیں بلکہ پنجاب کی ثقافت اور عوامی زندگی کا اہم حصہ ہے۔ آج بھی پنجاب کے عوام اس کھیل سے گہری وابستگی رکھتے ہیں اور کبڈی کے میدانوں میں نوجوان کھلاڑیوں کا جوش و جذبہ قابلِ دید ہوتا ہے۔ ایسے میلوں اور مقابلوں سے روایتی کھیلوں کو فروغ ملنے کے ساتھ مقامی ثقافت اور سماجی ہم آہنگی بھی مضبوط ہوتی ہے۔ انہوں نے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کو بہترین کھیل پیش کرنے پر مبارکباد دی اور جشنِ کھڈیاں کے کامیاب انعقاد پر منتظمین کی کاوشوں کو سراہا۔اس موقع پر صوبائی وزیر قانون رانا اقبال نے کبڈی کی دونوں ٹیموں اور کھلاڑیوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور تقریب میں شریک مہمانوں اور شرکا کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے جشنِ کھڈیاں کے انعقاد اور روایتی کھیلوں کے فروغ کی اہمیت کو سراہا۔وفاقی وزیر ملک رشید احمد خاں نے کہا کہ کبڈی پنجابی زبان کی طرح ہماری ثقافت کا اہم حصہ ہے۔ اس نوعیت کے پروگرام نوجوانوں میں کھیلوں کا شوق اور مثبت سرگرمیوں کا جذبہ پیدا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قصور اور پتوکی کی ٹیموں نے فائنل میں عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا، جبکہ اپنی ثقافت اور روایتی کھیلوں کو زندہ رکھنے کے لیے ایسی تقریبات کا انعقاد جاری رہنا چاہیے۔35ویں سالانہ جشنِ کھڈیاں کا انعقاد پنجاب کے روایتی کھیلوں اور دیہی ثقافت کے فروغ کی ایک اہم کوشش ہے۔











