لودھراں،27 اکتوبر(اے پی پی): مقبوضہ جموں و کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضے کے خلاف یومِ سیاہ کے موقع پر لودھراں میں ضلعی انتظامیہ اور شہریوں کی جانب سے کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں سرکاری افسران، ملازمین، تاجروں، صحافیوں اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت کا اظہار کیا۔
کشمیریوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ضلع کی سب سے بڑی ریلی ڈپٹی کمشنر آفس سے غوثیہ چوک تک نکالی گئی،جس کی قیادت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میونسپل سروسز لیاقت علی گیلانی نے کی۔ ریلی میں اسسٹنٹ کمشنر فرخ اللہ خان،اسسٹنٹ کمشنر یو ٹی رخسانہ خالد،ڈی ایس او ساجد محمود، ڈی آئی او خالد رسول اور ڈی ای او شکیل احمد سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔ شرکاء نے پاکستانی اور کشمیری پرچم، بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے۔
اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر لیاقت علی گیلانی نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور اس کے بغیر وطن عزیز نامکمل ہے۔ کشمیر پاکستان کے وجود اور استحکام کی ضمانت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یومِ سیاہ تجدیدِ عہد کا دن ہے،جس پر مقبوضہ کشمیر پر بھارتی قبضے اور کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری بہن بھائیوں پر بھارتی مظالم کے خلاف دنیا بھر میں آواز بلند کی جا رہی ہے، جبکہ پاکستانی قوم دل و جان سے اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بھارت کے عزائم کامیاب نہیں ہونے دیے جائیں گے، کشمیری شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور کشمیری عوام کی اخلاقی و سفارتی حمایت جاری رکھی جائے گی۔
اسسٹنٹ کمشنر فرخ اللہ خان نے کہا کہ کشمیری عوام ظلم و ستم کے اس دور میں خود کو تنہا نہ سمجھیں، پاکستانی قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر کی آزادی اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے لیے اپنا اثر و رسوخ استعمال کرے۔
یومِ سیاہ کے موقع پر لودھراں کے علاوہ تحصیل دنیاپور اور کہروڑپکا میں بھی بھارتی مظالم کے خلاف احتجاج اور کشمیری عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔ اس موقع پر شرکاء نے کشمیری عوام کی جدوجہد کی حمایت اور ان کے حقوق کے لیے آواز بلند کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔










