وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت لاہور کو خوبصورت، سرسبز اور سموگ فری بنانے کے لیے اقدامات جاری  

0

لاہور،27 اکتوبر ( اے پی پی ):  وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے خوبصورت، سرسبز اور سموگ فری لاہور کے وژن کے تحت ہارٹی کلچر ایجنسی لاہور کی جانب سے شہر کی خوبصورتی میں اضافے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ اس سلسلے میں کینال روڈ کو گلاب کے رنگا رنگ پھولوں سے سجا دیا گیا ہے، جس سے شاہراہ کے حسن میں مزید نکھار پیدا ہوا ہے۔کینال روڈ پر سرسبز درختوں، رنگا رنگ پھولوں اور قدرتی مناظر کا حسین امتزاج شہریوں کو خوشگوار ماحول فراہم کر رہا ہے۔ نہر کے کنارے سرسبز ماحول اور پھولوں کی دلکشی لاہور کے قدرتی حسن کو مزید نمایاں کر رہی ہے۔

ایم ڈی ہارٹی کلچر ایجنسی لاہور احمد عثمان جاوید نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق لاہور کو خوبصورت، سرسبز اور سموگ فری بنانے کے لیے شہر کی مرکزی شاہراہوں کی تزئین و آرائش اور سرسبز ماحول کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ کینال روڈ پر درختوں اور پھولوں کی خوبصورتی شہری ماحول کو خوشگوار بنانے اور شہر کے حسن میں اضافے کا باعث بن رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کینال روڈ پر آرائشی ماڈلز کی تنصیب بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ زیبرا، مور اور پھولوں سے مزین یہ ماڈلز شاہراہ کے منظر کو مزید دلکش بنا رہے ہیں اور شہریوں کے لیے خوبصورتی کا ایک منفرد احساس پیدا کر رہے ہیں۔احمد عثمان جاوید نے کہا کہ ہارٹی کلچر ایجنسی لاہور شہر کی خوبصورتی میں اضافے، سرسبز مقامات کے فروغ اور شہریوں کو بہتر ماحول فراہم کرنے کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھے ہوئے ہے۔

 ان اقدامات کا مقصد لاہور کو ایک خوبصورت، سرسبز اور خوشگوار شہر بنانا ہے۔