پولٹری فارمز کے ماحولیاتی منظوری کے 39 کیسز کا جائزہ، این او سی کے اجرا میں تاخیر ختم کرنے کی ہدایت

8

ملتان، 31 اکتوبر( اے  پی ):کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں کی زیر صدارت ڈویژنل ماحولیاتی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈویژن بھر کے پولٹری فارمز کے ماحولیاتی منظوری سے متعلق 39 کیسز کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں خانیوال کے 34، لودھراں کے 3 اور وہاڑی کے 2 کیسز منظوری کے لیے پیش کیے گئے۔کمشنر عامر کریم خاں نے ہدایت کی کہ ماحولیاتی منظوری کے لیے موصول ہونے والی درخواستوں پر تمام ضروری کارروائی مکمل کرکے کیسز بروقت کمیٹی میں پیش کیے جائیں۔ ایپ کے ذریعے درخواست جمع ہونے کے بعد ان کی پراسیسنگ میں تاخیر نہ کی جائے اور کمیٹی سے منظوری ملتے ہی درخواست گزاروں کو فوری طور پر آگاہ کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ این او سی کی منظوری کے بعد شہریوں کو فوری اطلاع دے کر دستاویزات وصول کرنے کے لیے دفتر بلایا جائے تاکہ انہیں غیر ضروری انتظار اور دفتری مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ماحولیاتی منظوری کے لیے شجرکاری سرٹیفکیٹ اور ایس آئی آر سمیت تمام ضروری تقاضوں کی تکمیل بھی یقینی بنائی جائے۔کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ ماحولیاتی منظوری کے عمل کو شفاف، تیز رفتار اور شہریوں کے لیے آسان بنایا جا رہا ہے، تاکہ درخواست گزاروں کو بروقت سہولیات فراہم کی جا سکیں۔