ملتان میں قومی انسدادِ پولیو مہم 2 نومبر سے شروع ہوگی، 7 لاکھ 70 ہزار سے زائد بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف مقرر

4

ملتان ,31 اکتوبر ,)اے پی پی ): ضلعی انتظامیہ ملتان کے زیر اہتمام تین روزہ قومی انسدادِ پولیو مہم 2 نومبر سے شروع ہوگی، جس کے دوران پانچ سال سے کم عمر 7 لاکھ 70 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ مہم کا افتتاح شہباز شریف ہسپتال میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوشل سروسز محسن نثار نے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا کر کیا۔اس موقع پر محسن نثار نے بتایا کہ مہم کو کامیاب بنانے کے لیے 4 ہزار 300 سے زائد موبائل ٹیمیں تعینات کی جائیں گی، جو گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائیں گی۔ اس کے علاوہ عوامی مقامات، تفریح گاہوں، پارکس، ریلوے اسٹیشنز اور بس اسٹیشنز پر بھی پولیو ٹیمیں موجود رہیں گی تاکہ کوئی بچہ ویکسین سے محروم نہ رہ جائے۔انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ پولیو ٹیموں سے بھرپور تعاون کریں اور اپنے پانچ سال سے کم عمر تمام بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے لازمی پلوائیں تاکہ بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے محفوظ رکھا جا سکے۔ انسدادِ پولیو مہم 2 نومبر سے 5 نومبر تک جاری رہے گی۔