کراچی۔ 27 اکتوبر (اے پی پی):وزیر اعلی گلگت بلتستان امجد حسین ایڈوکیٹ اور وزیر محنت و افرادی قوت سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ جدوجہد آزادی کشمیر پاکستانیوں کی ذمہ داری ہے، ہم 78 برس سے لڑ رہے ہیں اور کشمیر کی آزادی تک ہم آواز بلند کرتے رہیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کمشنر کراچی کی جانب سے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے یوم سیاہ کشمیر کے سلسلے میں منعقدہ ریلی کے اختتام پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم عالمی دنیا کے ضمیر کو جھنجھوڑیں گے اور کشمیر کی آزادی کو یقینی بنائیں گے۔
تقریب سے وزیر سیاحت و ثقافت سندھ سید ذوالفقار شاہ، وزیر اعلی سندھ کے مشیر سید نجمی عالم، حریت کانفرنس کے رہنما شفیع ڈار، کمشنر کراچی حسن نقوی و دیگر نے بھی خطاب کیا ۔ قبل ازیں ریلی کا آغاز پیپلز چورنگی سے ہوا،جو کہ مزار قائد پر اختتام پزیر ہوئی،ریلی کے آغاز پر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے طور پر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔
ریلی کی قیادت وزیر اعلی گلگت بلتستان امجد حسین ایڈوکیٹ، وزیر محنت سندھ سعید غنی، وزیر سیاحت و ثقافت سید ذوالفقار شاہ، حریت کانفرنس کے نمائندے، وزیر اعلی سندھ کے مشیر سید نجمی عالم،شام سندر اڈوانی،کمشنر کراچی حسن نقوی و دیگر نے کی جبکہ ریلی میں اراکین سندھ اسمبلی،حکومت سندھ کے سیکریٹری، تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز، ڈی جی انفارمیشن محمد یوسف کابورو،ڈائریکٹر پریس انفارمیشن ماجد خان اسکول کے بچے ، اساتذہ اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والوں نے بھی شرکت کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی گلگت بلتستان امجد حسین ایڈوکیٹ نے کہا کہ 1947کی یاد میں یہاں جمع ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ وہ سیاہ دن ہے جب بھارت نے اپنے فوجیوں کو کشمیر کی سرزمین کے اوپر اتارا اور اس دن سے آج تک ہمارے کشمیری بھائیوں کے اوپر جس طرح کے مظالم اور جس طرح کا ظلم ان کے اوپر روا رکھا گیا ہے وہ نہ ختم ہونے والا سلسلہ ہے۔
امجد حسین ایڈوکیٹ نے کہا کہ کشمیر ہماری چوٹی اور بدن کا ایک حصہ ہے کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے اور یہ ہی کشمیریوں کی جدوجہد ہے اور پاکستانیوں کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ آزادی کی تحریک نہ روکی جا سکتی ہے نہ دبائی جا سکتی ہے نہ اس کے لیے کوئی ٹائم فریم ہوتا ہے، یہ ایک ایسا جذبہ ہے جو طاقت سے دبایا نہیں جا سکتا، یہ ایک ایسی سوچ ہے جو کہ اپنے منطقی انجام تک پہنچے بغیر سکون سے نہیں رہ سکتے۔ ریلی سے خطاب میں صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا کہ آج مظلوم کشمیری بھارتی افواج کے سامنے کھڑے ہیں اور پاکستانی قوم نے کشمیریوں کے ساتھ اپنا رشتہ نبھایا ہے۔انہوںنے کہا کہ حالیہ پاک بھارت جنگ کے بعد اندازہ ہوتا ہے کہ جلد کشمیر آزاد ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ہماری افواج نے حالیہ جنگ میں بھارت کو شکست دی اور یقین ہے کہ جلد مقبوضہ کشمیر بھی آزاد ہوگا۔صوبائی وزیر سید ذوالفقار شاہ نے کہا کہ آج کا دن کشمیر سمیت دنیا بھر میں یوم سیاہ کے طور منایا جا رہا ہے، آج بھی مقبوضہ کشمیر میں مظالم ڈھائے جا رہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر اور پورے بھارت میں مودی کے خلاف تحریک شروع ہو گئی ہے۔
سید ذوالفقار شاہ نے کہا کہ ہماری پاک افواج اور چیئرمین بلاول بھٹو نے مقبوضہ کشمیر کا مقدمہ ہر فورم پر لڑا ہے۔










