صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے چین کی مکینیکل اینٹیں بنانے والی مشینری تیار کرنے والی کمپنی کے وفد کی ملاقات

5

لاہور، 19 نومبر (اے پی پی): صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے چین کی مکینیکل اینٹیں بنانے والی مشینری تیار کرنے والی کمپنی کے وفد نے ملاقات کی، جس میں پنجاب میں اینٹوں کے بھٹوں کو زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کرنے اور مشینری کے ذریعے اینٹوں کی تیاری کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔پیسک ہاؤس ڈیوس روڈ پر ہونے والی ملاقات میں چینی وفد کی قیادت کمپنی کے چیئرمین ژانگ جیاشیانگ نے کی۔ صدر برک کلن اونرز ایسوسی ایشن پاکستان محمد اسلام، سینئر نائب صدر ناصر اقبال، ممبر ٹیکنیکل ٹیم رانا علی اسد اور پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عمران ہاشمی بھی موجود تھے۔چوہدری شافع حسین نے کہا کہ نئی نسل کو آلودگی سے پاک ماحول فراہم کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کے لیے اینٹوں کے بھٹوں کو زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کرنا ناگزیر ہے۔ پنجاب حکومت بھٹوں سے چائلڈ لیبر کے مکمل خاتمے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے اور وہاں کام کرنے والے بچوں کو فنی تعلیم دے کر ہنرمند بنانے کا پروگرام بھی جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ اینٹوں کی مکینیکل تیاری کے لیے مشینری کی خریداری میں پنجاب بینک معاونت کر سکتا ہے۔ چینی کمپنی پنجاب میں مشینری کی تیاری کا کارخانہ لگائے تو حکومت اسے ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی۔اس موقع پر محمد اسلام نے بتایا کہ پنجاب کے 30 سے 40 فیصد اینٹوں کے بھٹے زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل ہو چکے ہیں جبکہ باقی بھٹوں کو بھی اس جدید ٹیکنالوجی پر منتقل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہاتھوں سے اینٹیں بنانے کے روایتی عمل کی جگہ مشینری کے ذریعے پیداوار کو فروغ دینا چاہتے ہیں، جس کے لیے پنجاب حکومت کا تعاون درکار ہے۔چینی وفد کے سربراہ نے پنجاب میں مکینیکل طریقے سے اینٹوں کی تیاری کے فروغ کے لیے حکومت کے ساتھ تعاون کی آمادگی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ وفد صوبے میں اینٹیں بنانے والی مشینری کا کارخانہ لگانے کے امکانات کا جائزہ لے گا۔