ملتان: جعلی زرعی ادویات بنانے  والی   فیکٹری پر چھاپہ، 70 لاکھ روپے مالیت  کا میٹریل برآمد

183

 

ملتان ، 25 جون (اے پی پی ): وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار کی خصوصی ہدایت کے مطابق جعلی زرعی ادویات کے کاروبار میں ملوث افراد کے خلاف صوبہ بھر میں کارروائیاں جاری ہیں ، ڈائریکٹر پیسٹ وارننگ ڈاکٹر محمد اسلم کی سربراہی میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر پیسٹ وارننگ شاہد حسین ودیگر افسران و اہلکاروں پر مشتمل ٹیم نے  موضع کائیاں پورملتان میں جعلی زرعی ادویات بنانے والی فیکٹری پر چھاپہ مارا  اور موقع پر جعلی زرعی ادویات ودیگر میٹریل بر آمد کیا ، برآمد کئے گئے  میٹریل  کی مالیت70 لاکھ روپے سے زائد بنتی ہے۔

 قبضہ میں لی گئی جعلی زرعی ادویات میں ایسیفیٹ،ڈیلٹا میتھرین،بپروفیزن،امیڈاکلوپرڈ،اسیٹامیپرڈ،کلورفن پائیر،بائی فینتھرین، فیپرونل ، مونومی ہائیپو، بیوٹاکلور ودیگر مٹیریل شامل ہے۔ملزمان مختلف کمپنیوں کے نام سے جعلی زرعی ادویات غیر قانونی طریقے سے پیکنگ وفارمولیٹ کرکے ملک کے مختلف حصوں میں سپلائی کرکے ملکی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا رہے تھے۔ملزمان کیخلاف تھانہ شاہ شمس میں ایف آئی آر کے اندراج کیلئے استغاثہ جمع کرادیا گیاہے جبکہ  موقع سے جعلی زرعی ادویات کے نمونے حاصل کرکے تجزیہ کیلئے لیبارٹری بھجوا دئیے گئے ہیں ۔

وی این ایس ، ملتان