چنیوٹ،29اگست(اے پی پی ): نوویں ، دسوویں محرم الحرام کی مجالس، جلوسوں کیلئے سیکیورٹی انتظامات مکمل کر لے گئے ہیں،9محرم کو ضلع بھر میں 37جلوس،73مجالس کا انعقاد ہوگا۔4جلوس، 7مجالس کیٹیگری اے کی ہونگی جبکہ 10محرم الحرام کوضلع چنیوٹ میں 92جلوس،61مجالس کا انعقاد ہوگا۔14جلوس،6مجالس کیٹیگری اے کی ہونگی۔
تمام مجالس، جلوسوں پر دو ہزار سے زائد پولیس افسران و جوان سیکیورٹی کے فرائض سرانجام دینگے،تمام مجالس،جلوسوں کی سی سی ٹی وی کیمروں سے کنٹرول روم میں مانیٹرنگ کی جائے گی ۔حساس جلوسوں،مجالس کی ڈرون کیمروں سے نگرانی کی جائے گی جبکہ ویڈیو ریکارڈنگ بھی کی جائیگی ۔
مجالس،جلوسوں میں شامل ہونے والے افراد کوتھری لیئر سیکیورٹی چیک پوائنٹس،واک تھرو گیٹس،میٹل ڈٹیکٹرز اور فزیکل سرچ کے بعدشامل ہونے دیا جائے گا۔جلوسوں کے فرنٹ،بیک پر تھری لیئرز سیکیورٹی انتظامات،اہم پوائنٹس پر چھتوں پر مسلح جوان تعینات کیے گئے ہیں۔جلوسوں کے فرنٹ،بیک اور اہم پوائنٹس پر ایلیٹ فورس کے جوان تعینات کیے گئے ہیں،جلوسوں کے راستوں کی روٹ کلیئرنس سویپنگ کے ذریعے کی جائے گی،سرویلنس وہیکلز کی مدد سے مجالس،جلوسوں کے چاروں اطراف کو مانیٹر کیا جائے گا۔
مجالس جلوسوں میں ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا،کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ریزرو نفری الرٹ رہے گی۔جلوس کے موقع پرٹریفک کو رواں دواں رکھنے کیلئے سپیشل ٹریفک عملہ تعینات کیا گیا ہے۔
اس حوالے سے ڈی پی او چنیوٹ سید حسنین حیدر نے کہا کہ تمام وسائل بروئے کار لا کر ضلع میں امن و امان برقرار رکھا جائے گا۔











