پشاور، 27اکتوبر(اے پی پی): خیبر پختونخواہ پولیس کے سربراہ ڈاکٹر ثناءاللہ عباسی نے آج یکہ توت کے علاقے میں بم دھماکہ کا شکار مسجد کا دورہ کیا اور مسجد کے متاثرہ مختلف حصے دیکھے۔
آئی جی پولیس نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کچھ شرپسندی عناصر علاقے کا امن سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں مگر انکو اس بات کی اجازت نہیں دی جائیگی۔ تاہم خدشات کے پیش نظر شہر میں سکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے اور جلد ہی مجرمان کو کیفر کردار تک پہنچا دیا جائیگا۔
پولیس کے دیگر حکام بھی اس موقع پر آئی جی پولیس کے ہمراہ تھے جنھوں نے ڈاکٹر ثناءاللہ عباسی کو ابتدائی تحقیقات سے بھی آگاہ کیا۔











