لاہور(اے پی پی)انٹرنیشنل ختم نبوت موومنٹ کے مرکزی جنرل سیکرٹری ڈاکٹر احمد علی سراج نے کہا ہے کہ تمام مسائل کا واحد حل تعلیمات نبوی پر عمل پیرا ہونے میں ہی مضمر ہے، امت مسلمہ حضرت محمد ﷺ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر اسلام دشمن قوتوں کا مقابلہ کرسکتی ہے، صاحب قرآ ن کا دامن تھامنے سے ہی دنیا میں امن آ سکتا ہے،پوری دنیا میں بد امنی بے سکو نی اور بد حا لی کا سبب رسول اللہ کی تعلیما ت سے دوری کا ہی نتیجہ ہے‘ حضرت محمد ﷺ کی شان میں گستاخی کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔وہ بدھ کے روز سپریم ایجوکیشن سکول سسٹم میں منعقدہ ”سیرت النبیکانفرنس“ سے خطاب کر رہے تھے۔ ڈاکٹر احمد علی سراج نے کہا کہ حضور اکرم کی محبت ہمارے ایمان کا بنیادی حصہ ہے، آپ کی سیرت طیبہ امت مسلمہ کے لئے مشعل راہ ہے، خاتم النبین کی آمد سے پوری دنیا رحمتوں سے بھر گئی اور باطل کے اندھیرے ہمیشہ کےلئے چھٹ گئے۔انہوں نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ کی ولادت باسعادت امت محمدیہ کےلئے رحمت و سعادت کا ذریعہ ہے، اس نعمت کا جتنا بھی شکرادا کریں وہ کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ کہ مومن کا ایمان اس وقت تک کامل نہیں ہو سکتا جب تک آنحضرت سے سچی محبت نہ ہو، اسوہ حسنہ پر عمل پیراہو کر ہم دنیا اور آخرت میں کامیابی حاصل کرسکتے ہیں، نبی کریم کی ولادت باسعادت سے دنیا میں انسانیت کو جینے کا شعور ملا۔ انہوں نے کہا کہ حضرت محمد ﷺ کی شان میں گستاخی کسی صورت برداشت نہیں کریں گے، فرانس کے صدر کا دماغی علاج کروایا جائے، امت مسلمہ اپنی جانوں پر کھیل کر ناموس رسالت کا دفاع کرے گی۔انہوں نے کہا کہ فرانس کے صدر کے بیان کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ اور او آئی سی کا فوری اجلاس طلب کیا جائے۔ تقریب کے اختتام پر چیئرمین سپریم ایجوکیشن سکول سسٹم محمد یٰسین نے ڈاکٹر احمد علی سراج کو شیلڈ بھی پیش کی۔











