شکرگڑھ؛ جشن عیدمیلادالنبی ﷺ عقیدت واحترام کے ساتھ منانے کیلئے بازاروں میں اسٹالز لگ گئے

282

شکرگڑھ ، 29 اکتوبر (اے پی پی ):جشن عیدمیلادالنبی ﷺ مذہبی جوش و خروش اورعقیدت واحترام کے ساتھ منانے کیلئے ملک بھر کی طرح شکرگڑھ  کے  بازاروں میں بھی   اسٹالز لگ گئے،ا س  کے   علاوہ  شہر کی مساجد، گلیاں اور بازاروں کو دلہن کی طرح سجا دیا گیا ہے جبکہ   مسجدوں میں محافل نعت کا انعقاد سمیت درود و سلام بھی  پیش کیا جا رہا ہے۔

 عقیدت مند،عاشقان رسول ﷺ نے گھروں اور گلیوں کو سجانے کیلئے خریداری شروع کردی ہے  ، گنبد خضریٰ اور بیت اللہ شریف کے رنگ برنگی برقی قمقموں والے ماڈلز، بورڈز، بینرز اورسبز پرچموں نے اسٹالز کو چارچاند لگادئیے ہیں  ، گلیوں،بازاروں اور گھروں کو خوبصورت بنانے کیلئے شہری سجاوٹی سامان خریدنے میں مصروف ہیں۔

اسٹالز مالکان   کا کہنا ہے  کہ عاشقان رسول ﷺ ،سرکار دوعالم ﷺ کی دنیا میں تشریف آوری کی خوشی کو منانے کیلئے اپنے گھروں اور گلیوں کو رنگ برنگی جھنڈیوں اور سبز پرچموں سے سجانے کیلئے خریداری کرتے ہیں، سارا سال ماہ ربیع الاول کی آمد کا انتظار رہتا ہے۔

 شہریوں کا کہنا کہ نبی آخرالزمان حضرت محمد عربی ﷺ کی ولادت باسعادت کو منانے کیلئے اسٹالز کا رخ کرتے ہوئے نعلین پاک والے بیجز، جھنڈیاں اور پرچم خریدرہے ہیں، تاکہ سرکار دوعالم ﷺ کی ولادت کا جشن ہم بڑی دھوم دھام سے مناکر عقیدت کا اظہار کرسکیں-