میرپورخاص،16جنوری( اے پی پی):مرکزی انجمن تاجران میرپورخاص کی جانب سے 7ویں سالانہ پیغامِ محبت واعزازی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔
تقریب میں ضلع انتظامیہ کے افسران مختلف مکاتب فکر کے علماء کرام دیگر مذہبی اسکالر ،سیاسی، سماجی، ڈاکٹرز،وکلاء، صحافیوں اوردیگر اعلیٰ خدمات کے حامل شخصیات کو اجرک کے تحائف پیش کئے گئے۔
تقریب سے خطاب میں ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس میرپورخاص رینج ذوالفقار لاڑک کے نمائندہ پولیس افسر شبیر میمن نے کہاکہ میرپورخاص کے لوگ امن پسند ہے شہر میں امن وامان برقراررکھنے میں تاجروں کا تعاون اہمیت کا حامل ہے اورکہاکہ عوام بالخصوص تاجروں کو تحفظ فراہم کرنا پولیس کی اولین ذمہ داری ہے۔
اس موقع پر مرکزی انجمن تاجران کے صدر عبدالجبار خان نے کہا کہ اس پروگرام کا مقصد تمام مذہب ومسلک اورمختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات میں باہمی ہم آہنگی ومحبت کا پیغام دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انجمن کی جانب سے تاجروں کے مسائل حل کرانے کے ساتھ ساتھ غریب تاجروں کے بچوں کو مفت تعلیم، صحت کی سہولیات اورمالی مدد بھی فراہم کی جارہی ہے۔
انہوں نے بتایاکہ تاجروں کے مسائل کے سلسلے میں مرکزی دفتر میں شکایتی سیل قائم کیا گیا ہے جبکہ انجمن کے زیراہتمام ایجوکیشن اورہیلتھ کا شعبہ پہلے سے ہی کام کررہا ہے۔
انہوں نے وائس آف یوتھ کا شعبہ بھی قائم کرنے کا اعلان کیا اورکہا کہ ہمیں پولیس اورضلع انتظامیہ کا مکمل تعاون حاصل ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مولانا حافظ حفیظ الرحمان فیض نے کہا کہ میرپورخاص میں تمام مذہب ومسلک کے لوگ ایک ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دین اسلام پیار ومحبت کا مذہب ہے اس لئے ہمیں ہمیشہ سچ بولنا اورایک دوسرے سے صبر وبرداشت اورمحبت سے پیش آنا چاہئے۔
تقریب میں علماء کرام اویس عرفان مدنی، علامہ ضیا، حیدر نقوی و دیگر مذہب کے اسکالر، پادری اکرم انجم، فادر شہزاد،سول سوسائٹی کے محمد بخش کپری، محمود پٹھان، ناصراقبال، عبید عباس، نوشابہ ناز، عائشہ عالم، شمیم مری، کہانی نویس شاہد جمیل، ڈی ایس پی سٹی عثمان لغاری، میجر عمران، انجمن کے عہدیداران روشن عالم، محبوب الہٰی کھوکھر شریک تھے۔











