ملتان ،18جنوری(اے پی پی ): ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کے دائرہ اختیار میں مزید شہری علاقوں کے شامل ہونے کے باعث ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کی تمام گاڑیاں آن روڈ کرنیکی ہدایت کر دی۔
ایم ڈی ویسٹ منیجمنٹ کمپنی فخرالاسلام ڈوگرنے تمام کیٹیگریز کی گاڑیوں کی رپورٹ طلب کر لی۔ ایم ڈی نے ورکشاپ منیجر کو گاڑیوں کی مرمت کا کام تیز کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ کنٹریکٹر کو خراب گاڑیوں کی مطلوبہ پرزے فوری طور پر فراہم کرنے کا پابند بنایا جائے۔انہوں نے کہا گاڑیوں کے پرزوں کی فراہمی میں تاخیر کی صورت میں نئے کنٹریکٹر کی خدمات حاصل کی جائیں ، افرادی قوت اور مشینری کسی بھی کمپنی کی اصل طاقت ہوتے ہیں۔
ایم ڈی کی ہدایت پر کمپنی کے تمام مکینکل سوئیپرز کا فیلڈ پلان بھی جاری کردیا گیا ہے، فلائی اوورز اور مرکزی شاہراہوں کے ڈیوائڈرز کے ساتھ صفائی کے لئے مکینکل سوئیپرز استعمال ہونگے جبکہ دھند کے پیش نظر گاڑیوں پر فوگ لائٹ لگانے کا سلسلہ بھی تیز کردیا گیا ہے ،صبح کے وقت دھند کی وجہ سے حادثات سے بچنے کے لئے گاڑیوں پر یلولائٹ اور فلیشر لگا دئے گئے ہیں۔











