ملتان، 20جنوری (اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر عامر خٹک کی زیرصدارت ہائی لیول ڈیزائین کمیٹی کا اجلاس ہوا ،کمیٹی کے اجلاس میں 28 کمرشل بلڈنگز کے نقشے منظوری کے لئے پیش کئے گئے۔
ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے بلڈنگ بائی لاز پر سوالات اٹھا دیئے اورکہا کہ بلڈنگ بائی لاز کے اطلاق کے باوجود قائم ہونیوالی کمرشل عمارتوں سے ٹریفک مسائل جنم لے رہے ہیں، قواعد کے مطابق 800 مربع فٹ کے کمرشل ہال کے لئے ایک گاڑی کی پارکنگ کی گنجائش رکھی گئی۔انہوں نے سوال کیا کہ اتنی بڑی کمرشل بلڈنگ میں ایک وقت میں ایک فرد داخل ہوگا؟ کمرشل اداروں کو سڑکوں پر پارکنگ کی اجازت نہیں دی جاسکتی، سڑکوں پر گاڑیوں کا بڑھتا ہوا دباؤ شہر میں ٹریفک جام کا باعث بن رہا ہے۔
عامر خٹک نے کہا کہ ماضی میں قواعد اور ضوابط سے ہٹ کر تعمیر ہونیوالی عمارتوں نے شہر کا حلیہ بگاڑ دیا ہے،حکومت شہر میں بے ہنگم ٹریفک کی وجہ سے منڈیاں اور اڈے شہر سے باہر شفٹ کرنے پر غور کررہی ہے۔
ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے کہا کہ بلڈنگ بائی لاز میں تبدیلی وقت کا تقاضا ہے،قواعد کا جائزہ لیا جائے کہ کیا ایڈمنسٹریٹر کمرشل عمارتوں کے قوانین میں تبدیلی لا سکتے ہیں؟ڈپٹی کمشنر نے متعدد کمرشل اداروں کے نقشوں کی منظوری ملتوی کر دی۔انہوں نے ملتوی کئے گئے نقشوں کے لئے متعلقہ اے سی اور ٹریفک پولیس آفیسر پر مشتمل دو رکنی کمیٹی تشکیل دے دی۔ کمیٹی کی رپورٹ کی روشنی میں کمر شل بلڈنگ کے نقشوں کی منظوری کا فیصلہ کیا جائے گا ڈی ایس پی ٹریفک کے متعدد کمرشل بلڈنگز کا پارکنگ ایریا نہ ہونے پر اعتراضات بھی سامنے آ گئے ہیں۔
اجلاس میں میٹروپولیٹن کارپوریشن، لوکل گورنمنٹ، ریسکیواور ٹریفک پولیس کے افسران نے شرکت کی۔











