کوئٹہ، 15 جون (اے پی پی ): کلیکٹر کسٹمز کوئٹہ عرفان جاوید نے کہا کہ نئے کسٹمز چیک پوسٹوں کے قیام سے اسمگلنگ میں نمایاں کمی آئے گی۔
زیارت کراس کے مقام پر نئے تعمیر کسٹمز چیک پوسٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کلیکٹر کسٹمز کوئٹہ عرفان جاوید نے کہا کہ نئی تعمیر شدہ چیک پوسٹ کے قیام سے پاک افغان بارڈر بادینی کے مقام پر کسٹمز اسٹیشن بنا ہے، اس کام کو مزید شفاف بنانے کے لئے دن رات محنت کر رہے ہیں ۔اس کے علاوہ پنجاب اور خیبر پختون خواہ سمیت ملک کے دوسرے علاقوں میں اسمگلنگ کے نیت سے جانے والی مال پربھی نظر رکھی جاے گی۔
انہوں نے کہا کہ اس چیک پوسٹ سے صوبے میں ایف بی آر کی جانب سے دئیے گے اہداف کو بھی با آسانی حاصل کر سکیں گے اور اس عمل کو چیف کلیکٹر کسٹمز بلوچستان گل رحمان خصوصی طور پر مانیٹر کررہے ہیں ۔ کلیکٹر کسٹمز کوئٹہ عرفان جاوید نے کہا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو اور منسٹری آف فنانس نے نئی چیک پوسٹوں کے لئے 18 کروڑ روپے کی منظور دی ہے جس کے تحت پروجیکٹ میں سپاہیوں اور اسٹاف کے لئے رہائش گاہ، دفاتر اور گودام بھی بنائے جا ئیں گے اور جلد ہی مزید چیک پوسٹوں کا افتتاح کیا جائے گا۔
تقریب میں ایڈیشنل کلکٹر یاسر وہاب کلوڑ ، ڈپٹی کلکٹر ملک محمد احمد ، ترجمان کسٹمز بلوچستان ڈاکٹر عطا بڑیچ نے شرکت کی ۔