لاہور، 22 جون(اے پی پی):وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب حکومت نے تاریخی بجٹ پیش کیا ہے یہ بجٹ صرف کتابی دستاویز نہیں بلکہ صوبے کی پائیدار ترقی کا جامع روڈمیپ ہے۔
ان خیالات کا اظہار وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے صوبائی کابینہ کے 46ویں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ سردار عثمان بزدار نے کہا کہ 560 ارب روپے کا سالانہ ترقیاتی پروگرام صوبے کی حقیقی ضروریات اور ترجیحات کو مدنظر رکھ کر تیار کیا گیا ہے، “اپوزیشن میں نہ مانوں” کی رٹ چھوڑ کر بجٹ کا مطالعہ کرے، پنجاب میں ون مین شو ختم کیا ہے اور ہم مشاورت کے ساتھ فیصلے کرتے ہیں،سہولت بازاروں کے قیام سے عوام کو مہنگائی سے نجات دلائیں گے۔
کابینہ نے صوبے میں سہولت بازار وں کے قیام کی منظوری دی جس سے صوبہ بھر میں 337 سہولت بازار قائم کئے جائیں گے، سہولت بازاروں میں عوام کو پھل، سبزیاں، دالیں اور چاول ارزاں نرخ پر ملیں گے اس کے علاوہ وزیراعلی عثمان بزدار نے سہولت بازاروں کے قیام اوراشیائے ضروریہ کی فراہمی کے لئے کابینہ کمیٹی برائے پرائس کنٹرول کو فوری اقدامات کی ہدایت کی۔
کابینہ نے صوبے کی پہلی سپورٹس پالیسی 2020کی منظوری دے دی جس پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پنجاب میں کھیلوں کے فروغ اور کھلاڑیوں کی سہولت کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں کھلاڑیوں کی فلاح وبہبود کیلئے سپورٹس انڈوومنٹ فنڈ قائم کیا جائے گا، سپورٹس انفراسٹرکچرکی تشکیل، اکیڈمیوں کا قیام اور ڈیٹابیس جیو ٹیگنگ کی جائے گی، سپورٹس میڈیسن، کھلاڑیوں کیلئے انشورنس سکیم سپورٹس پالیسی میں شامل ہے، پنجاب کے 200 گاؤں میں گراؤنڈز بنائے جا رہے ہیں، پنجاب میں مزید 1400 گراؤنڈز قائم کرنے کیلئے اراضی کی نشاندہی کا عمل مکمل ہو چکا ہے،65تحصیلوں میں ملٹی پرپز تحصیل سپورٹس کمپلیکس بنائے جا رہے ہیں –
کابینہ اجلاس میں پنجاب کے دریاؤں کی مینجمنٹ، ڈرینج سروسز اوربہتر آبپاشی کیلئے پنجاب ایریگیشن، ڈرینج اور ریورز ایکٹ 2021 کی منظوری دی گئی، 150سال بعد 1873ء میں تشکیل کردہ ایریگیشن ایکٹ میں ترامیم کی گئی ہے اس نئے ایریگیشن ایکٹ سے ایریگیشن رائٹس کی وارہ بندی مینجمنٹ بہتر ہوگی اور اس سے ڈیم کی سیفٹی کو یقینی بنایا جاسکے گا۔ محکمہ آبپاشی کی ٹرانسفر پالیسی کا ازسرنوجائزہ لینے کے لئے وزارتی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت دی گئی یہ کمیٹی ٹرانسفر پالیسی کے خدوخال کا جائزہ لے کر حتمی سفارشات پیش کرے گی۔ پرائیویٹ سیکٹر یونیورسٹیز پنجاب 2021 کے تحت سرکاری اداروں کے ساتھ الحاق کے طریقہ کار او رگائیڈ لائنز کا جائزہ لینے کے لئے بھی کمیٹی تشکیل دی گئی جو تمام امور کا تفصیلی جائزہ لے کر سفارشات پیش کرے گی اس کے علاوہ مدت ملازمت پوری ہونے کے بعد بھرتی کے لئے کنٹریکٹ پر تقرری کی پالیسی 2004 میں متضاد شقوں کو ختم کرنے، پنجاب پبلک سروس کمیشن کی رپورٹ برائے سال 2020 کو پنجاب اسمبلی میں پیش کرنے اور پنجاب ہوٹل اینڈ ریسٹورنٹ رولز 2021 اینڈ پنجاب ٹورسٹ گائیڈ رولز 2021 کی منظوری دی گئی۔
کابینہ نے گندم خریداری کے ٹارگٹ کی ایکس فیکٹو منظوری اور پنجاب کابینہ کے 43 ویں، 44 ویں اور 45ویں اجلاسوں کے فیصلوں کی توثیق کر دی۔