وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے پنجاب اسمبلی میں 100 سے زائد اراکین صوبائی اسمبلی کی ملاقاتیں، بہترین بجٹ پر وزیر اعلی کو مبارکباد دی

45

لاہور، 24جون(اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے آج پنجاب اسمبلی میں اراکین صوبائی اسمبلی نے ملاقاتیں کیں -وزیر اعلی عثمان بزدار سے خواتین اراکین اسمبلی نے بھی ملاقاتیں کیں -وزیر اعلی عثمان بزدار100 سے زائد اراکین اسمبلی سے ملے اور ان کے مسائل سنے -منتخب نمائندو ں نے بہترین اور عوام دوست بجٹ پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے ویژن کو سراہا-وزیر اعلی عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نئے مالی سال کا بجٹ صوبے کے عوام کی ترجیحات اور ضروریات کو مد نظر رکھ کر بنایا گیا ہے۔560 ارب روپے کے ترقیاتی پیکیج سے صوبے میں ترقی کا نیا دور شروع ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو مشورہ ہے کہ پہلے بجٹ کا مطالعہ کرے، پھر لب کشائی کرے۔ پنجاب کے اس تاریخی بجٹ پر اپوزیشن چاہے بھی تو تنقید نہیں کر سکتی۔اپوزیشن کی جانب سے ہر موقع پر منفی رویے کا مظاہرہ جمہوری روایات کے منافی ہے۔ملک و قوم کے بہترین مفاد میں اپوزیشن کو اپنے غیر پارلیمانی رویے پر نظرثانی کی ضرورت ہے۔اپوزیشن کو مشورہ ہے کہ وہ منفی سیاست چھوڑ دے۔انہوں نے کہا کہ صوبے کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے سفر میں کسی کو رخنہ نہیں ڈالنے دیں گے۔