بہاولنگر ؛ محرم الحرام سیکورٹی پلان جاری،1600 سے زائد پولیس افسران و جوان اور قومی رضاکاران سیکورٹی ڈیوٹی سر انجام دیں گے

36

بہاولنگر،06اگست(اے پی پی): ڈپٹی کمشنر شفقت اللہ مشتاق اور ڈی پی او ظفر بزدار کی زیر صدارت انتظامیہ، پولیس تمام مسالک کے علماء کرام، عوامی نمائندگان کا اجلاس منعقد ہوا جس میں مشاورت کے بعد  ضلع انتظامیہ  پولیس نے محرم الحرام کے حوالے سے سیکیورٹی پلان جاری کر دیا۔

ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او  نے بتایا کہ ضلع بھر میں 38 جلوس اور 377 مجالس منعقد ہونگی، 37 علماء کرام و ذاکرین کے ضلع میں داخلے پر پابندی اور 16 علماء کرام و ذاکرین کی زبان بندی ہوگی جبکہ 1600 سے زائد پولیس افسران و جوان اور قومی رضاکاران سیکورٹی  ڈیوٹی سر انجام دیں گے۔

 عاشورہ کے جلوسوں کی مانیٹرنگ اور فضائی نگرانی کی جائے گی۔ کرونا وائرس کے حوالے سے ایس او پیز پر عمل در آمد کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔

 مرکزی کنٹرول روم عبدالرزاق شہید پولیس لائن میں قائم کیا جائے گا، کنٹرول روم یکم محرم سے دس محرم تک 24 گھنٹے کام کرے گا۔ ضلع بھر کے داخلی و خارجی راستوں پر ناکہ بندی کی جائے گی  شہری کسی بھی مشکوک معاملے کی اطلاع کنٹرول روم کے ان نمبررز  0639240063 اور 0639240064 پر کریں  اور تمام مسالک کے افراد محرم الحرام کے دوران امن بھائی چارے کی فضاء کو قائم رکھنے میں انتظامیہ کی مدد کریں