اوکاڑہ،07اگست (اے پی پی): ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد زاہد غزنوی نے کہا ہے کہ پاکستان کو سر سبز وشاداب بنانے کے لئے کلین اینڈ گرین مہم میں ہر شخص کو اپنا کردار ادا کرنا ہے ہر پاکستانی اپنے والدین اور بچوں کے نام کا پودا لگائے اور اس کی دیکھ بھال کرے ،پودے لگانے کی مہم ہماری اجتماعی کاوشوں سے ہی کامیاب ہو سکتی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیملی کورٹ میں کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کے تحت مون سون شجرکاری مہم کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد زاہد غزنوی نے ٹون کا پودا لگایا جبکہ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز محمد طارق ایوب ،اعجاز احمد،میڈم فرحت جبین،میاں احمد اقبال،شہباز احمدکھگہ، رانا سہیل، محمد خالد خان سٹاف آفیسر شبیر احمد اورسول جج صاحبان نے فیملی کورٹ میں کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کے تحت فائیکس،ٹرمینیلیا اور ریٹاسمیت مختلف اقسام کے پودے لگائے اور ملکی سلامتی کے لئے دعا بھی کی۔اس موقع پر ڈویژنل فاریسٹ آفیسر مشتاق چغتائی، ایس ڈی او فاریسٹ افتخار حسین جنجوعہ بھی موجود تھے۔بعد ازاں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد زاہد غزنوی نے اے پی پی کو بتایا کہ ہائی کورٹ کے احکامات پر مون سون شجرکاری مہم کے تحت پودے لگائے جارہے ہیں اور پاکستان کا ہر شہری اس مہم کی کامیابی کے لئے کوشاں ہے کیونکہ وطن عزیز کا مستقبل شجر کاری سے جڑا ہوا ہے یہ آنے والے وقتوں کی بہترین سرمایہ کاری ہے اپنی آنے والی نسلوں کو ایک خوشگوار اور صاف ستھری فضا فراہم کرنے کے لئے ضروری ہے کہ ہم اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں ۔
Home National District News اوکاڑہ: پاکستان کو سرسبزوشاداب بنانے کے لئے کلین اینڈ گرین شجرکاری مہم...











