اٹک،13اگست(اے پی پی ):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ اس سال شجرکاری سیزن میں وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملک بھر میں دس ارب درخت لگائے جائیں گے، گزشتہ روز گوجرانوالہ میں ایک منٹ میں 52ہزار پودے لگائے گئے جو ایک عالمی ریکارڈ ہے اور اس کے ذریعے بھارت کو شکست دی گئی ہے۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار تحصیل حضرو کے علاقہ شاہڈھیر کی حدود میں غازی بھروٹھا نہر کے کنارے شجرکاری مہم کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ سیزن میں تحصیل حضرو میں 10لاکھ پودے لگائے جائیں گے، اٹک کیلئے غازی بھروٹھا پروجیکٹ کی رائلٹی کے لیے میری گزارش پر وزیراعظم پاکستان نے باقاعدہ احکامات جاری کردیں ہیں۔
ملک امین اسلم نے کہا کہ عالمی سطع پر تیزی سے موسمیاتی تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں جو ایک سنگین خطرہ ہے،ہمیں چاہئے کہ ہم ان تبدیلیوں سے نبرد آزما ہونے کے لیے زیادہ سے زیادہ پودے لگائیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ دنوں میں چاروں صوبوں کے دورکئے اور شجرکاری مہم کی نگرانی کی۔
ترقیاتی کاموں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ملک امین اسلم نے کہا کہ ضلع اٹک میں ریکارڈ ترقیاتی کام جاری ہیں،45 سے زائد فلٹریشن پلانٹس لگائے گئےہیں، این اے 55میں 14 اور این اے 56 میں 35 دیہاتوں کو سوئی گیس فراہم کی جارہی ہے،50کروڑ روپے کی لاگت سے گلیوں اور نالیوں کی پختگی اور مرمت کاکام جاری ہے،10نئے کرکٹ گرانونڈ بنائے جارہے ہیں جس سے علاقے کے نوجوانوں کوصحت مند سرگرمیوں کے مواقع حاصل ہوں گے۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس سیزن میں زیادہ سے زیادہ پودے لگائیں اور ان کی نشوونما پر بھی توجہ دیں۔
اس موقع پر انتظامیہ کے افسران اور پی ٹی آئی کے مقامی کارکنان بھی موجود تھے ۔











