لاہور، 13 اگست(اے پی پی): صوبائی وزیر انسانی حقوق اعجاز عالم آگسٹین نے کہا ہے کہ ملک کو سرسبز بنانے کیلئے یوم آزادی پر ہر شخص اپنے حصے کا پودا لگائے ۔
یوم آزادی کے موقع پر اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ یوم آزادی پر ایک نیا ٹرینڈ سیٹ ہوا ہے ، ہمارا قومی پرچم سبز رنگ کا ہے اور اس نئے ٹرینڈ کو فروغ دینے کے لئے ہمیں بینڈ باجے بجانے کی بجائے پودے لگانے چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر ہر شخص اپنے حصے کا ایک پودا لگائے تو اس طرح وطن عزیز میں 20کروڑ سے زائد پودے لگ سکتے ہیں جس سے ماحولیاتی آلودگی کا خاتمہ ہو گا ۔انہوں نے کہا کہ یوم آزادی پر ہم اپنے ملک کے ماحول کو بہتر بنا سکتے ہیں اور صحت مند زندگی کے لئے آلودگی کا خاتمہ بہت ضروری ہے۔











