کوہلو،27اکتوبر(اے پی پی): کوہلو میں 27 اکتوبر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے یوم سیاہ کے طور پر منایا گیا۔ مرکزی ریلی لیویز لائن سے گورنمنٹ ماڈل ہائی سکول تک نکالی گئی، ریلی کی قیادت ڈپٹی کمشنر کوہلو عمران ابراہیم بنگلزئی اور ونگ کمانڈر لیفٹیننٹ کرنل مقتدیٰ حسین نے کی۔
ریلی میں ،ضلعی افسران ملازمین،سول سوسائٹی، شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ شرکاء نے بازؤں پر سیاہ پٹیاں باندھنے کے ساتھ قومی اور کشمیر کے پرچم اٹھا رکھے تھے اور “کشمیر بنے گا پاکستان،کشمیر پاکستان کی شہہ رگ،کشمیریوں کو تنہا نہیں چھوڑا جائیگا” کے نعرے لگائے۔
ریلی سے خطاب میں ڈپٹی کمشنر عمران ابراہیم بنگلزئی نے کہا کہ حکومت پاکستان کشمیری بھائیوں کی حمایت جاری رکھے گی، کشمیری اپنے آپ کو اکیلا نہ سمجھیں،ان پر ظلم وبربریت کی سیاہ رات ختم ہونے والے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب کشمیری بھی آزاد فضا میں سانس لیں گے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ 27اکتوبر1947سے کشمیریوں پر شروع ہونیوالے بھارتی ظلم و بربریت کے خلاف آج پوری دنیا میں یوم سیاہ منایا جا رہا ہے۔
ریلی کے اختتام پر کشمیر کی آزادی کے لئے دعا بھی کی گئی۔











