اسلام آباد،28اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے جمعرات کو یہاں پی ٹی وی سینٹرل ایمپلائز یونین (مشعل) کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ماضی کی حکومتوں نے اداروں کا بیڑا غرق کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اداروں کو بہتر بنایا، ہم نے 88 کے قریب سی ای اوز اور منیجنگ ڈائریکٹرز کی تقرریاں کیں، ایک تقرری بھی میرٹ سے ہٹ کر نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ادارے اپنے پائوں پر کھڑے ہوں گے تو ملازمین بھی خوشحال ہوں گے۔ آج پی ٹی وی کے ملازمین کی وجہ سے ہی ادارہ ترقی کر رہا ہے، ہم نے 10 سال بعد پی ٹی وی کے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پی ٹی وی کے گروپ 5 اور 6 کے ملازمین کی پروموشنز کیلئے بورڈ تشکیل دے کر پروموشنز کی جائیں گی۔ گریڈ 4 اور دیگر ملازمین جو دوران سروس فوت ہوئے، ان کے ورثاءکو تقرریوں میں ترجیح دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ملازمین کو بونس دینے کی پالیسی شروع کر رہے ہیں۔











