لاہور،4 نومبر (اے پی پی): کمشنر لاہور کیپٹن ریٹائرڈ محمد عثمان نے صفائی اور انسدادِ ڈینگی مہم کا جائزہ کیلئے مختلف علاقوں کے دورے کئے۔انہوں نےقلعہ گجر سنگھ و ملحقہ علاقوں کا دورہ کیا اور انسدادِ ڈینگی پر مامور ٹیموں کے رجسٹر کے مطابق مختلف گھروں پر دستک دے کر ریکارڈ کی تصدیق کی اور صفائی آپریشن پر مامور صفائی ورکرز کے صفائی آپریشن و کارکردگی کا بھی جائزہ لیا۔
کمشنر لاہور ڈویژن کیپٹن ریٹائرڈ محمد عثمان نے جائزہ مہم کے موقع پر کہا کہ جس طرح کورونا وبا سے چھٹکارے کے لئے ویکسین لگوانا اور ماسک پہننا ضروری ہے، اسی طرح ڈینگی کے وار سے بچنے کے لئے صفائی ستھرائی کا اہتمام کرنا بھی لازم ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات پر تمام علاقوں کیلئے صفائی آپریشن کو یکساں اہمیت حاصل ہےاور نگران افسران روزانہ کی بنیاد پر دیے گئے اہداف کیمطابق صفائی امور کو چیک کر رہے ہیں۔
کمشنر نے کہا کہ اس موسم میں ڈینگی کے پھیلاؤ کا رجحان ہے چنانچہ شہری انسداد ڈینگی ٹیموں سے مکمل تعاون کریں، انسداد ڈینگی پرمامور ٹیموں کو سرویلنس کے دوران کاروباری مقامات کی نسبت گھروں سے زیادہ ڈینگی لاروا مل رہا ہے۔
کمشنر لاہور نے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ باشعور شہری خود روزانہ اپنے گھروں کی چھتوں، شیڈز، گملوں اور بیک یارڈز کو خشک رکھیں۔
جائزاتی دورے کے موقع پر ہیلتھ افسران کارپوریشن افسران اور ایل ڈبلیو ایم سی کے افسران بھی موجود تھے۔











