محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی بدولت ہمارا کوئی دشمن ہماری طرف آنکھ اٹھا کرنہیں دیکھ سکتا، فخر امام

19

اسلام آباد۔4نومبر  (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے فوڈ سیکورٹی فخر امام نے کہا ہے کہ محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی بدولت ہمارا کوئی دشمن ہماری طرف آنکھ اٹھا کرنہیں دیکھ سکتا، پوری دنیا کو ہماری ایٹمی طاقت کا یقین ہے، انہوں نے پاکستان کے دفاع کو مکمل کر دیا۔ جمعرات کو وہ پرسٹن یونیورسٹی میں ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی یاد میں تعزیتی ریفرنس میں خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنا کر ملکی دفاع مکمل کردیا۔ بھارت نے ہمارے خلاف کیا کچھ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا کو ہماری ایٹمی طاقت کا یقین ہے، جس کی ہم نے بھاری قیمت بھی چکائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی بدولت ہمارا کوئی بھی دشمن ہماری طرف آنکھ آٹھا کرنہیں دیکھ سکتا۔ فخر امام نے کہا کہ 14 اگست 1947 میں قائداعظم محمد علی جناح نے اپنی تقریر میں کہا تھا کہ ہم برطانوی راج کا حصہ نہیں رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر سے لیکر جونا گڑھ تک بھارت نے ہمارے خلاف کیا کچھ نہیں کیا اور ہماری قیادت اور فوج نے مقابلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم جس شخصیت کے لئے آئے ہیں انہوں نے پرائمری تعلیم ہندوستان سے حاصل کی اور تین ممالک میں جاکر اعلی تعلیم حاصل کی، 1974 میں اس وقت کے وزیراعظم کو کہا کہ میں پاکستان کیلئے خدمت کرنا چاہتا ہوں۔ 1974 میں جو کام شروع کیا آج اس وجہ سے کوئی ہمارے سامنے آنکھ اٹھا کر نہیں دیکھ سکتا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی فیملی کے ساتھ تعزیت کرتے ہیں۔ ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے پاکستان کو بچانے میں اپنا کردار ادا کیا۔ 57 اسلامی مملک میں پاکستان نے واحد ایٹمی طاقت ہے۔ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی بیٹی ڈاکٹر دینہ نے کہا کہ جب سے میرے والد کی وفات ہوئی ہے تب سے انکی یادیں ہمارے ساتھ ہیں، وہ بہت اچھے والد تھے، انکی کمی محسوس ہوتی ہے۔ انہوں نے میری پرورش بہت محبت سے کی، وہ پاکستان سے بہت محبت کرتے تھے اور پاکستان سے محبت کرتے وفات پاگئے۔