انسداد خسرہ مہم کے دوران والدین اپنے 9 ماہ سے 15 سال کے بچوں کو ٹیکے لازمی لگوائیں, ڈپٹی کمشنر نوشہروفیروز

30

نوشہرو فیروز، 11نومبر( اے پی پی) :خسرہ ایک انتہائی جان لیوا اور خطرناک بیماری ہے جوکہ ایک مریض سے دوسرے میں منتقل ہوسکتی ہے ۔ اس لئے 15 نومبر 2021 سے شروع ہونے والے انسداد خسرہ مہم کے دوران والدین اپنے 9 ماہ سے 15 سال کے تمام بچوں کو خسرہ سے بچاؤ کے ٹیکے لازمی لگوائیں۔ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر نوشہروفیروز محمد تاشفین  عالم نے محکمہ صحت کی جانب سے خسرہ سے آگاہی کے متعلق منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ صحت کے افسران ا اور صحت کے عالمی ادارے کے افسران مل کر اس مہم کو بھرپور کامیاب بنائیں اور ضلع کی تمام بچوں کو خسرہ جیسی جان لیوا مرض سے بچائیں اور اس سلسلے میں ہونے والی پیش رفت سے روزانہ کی بنیاد پر آگاہی فراہم کی جائے ۔اس سیمینار میں  مہمان خاص کے طور پر شریک ہونے والے رہنما سید حسن علی شاہ نے  کہا کہ حکومت کی جانب سے خسرہ اور روبیلا کے خلاف مہم ایک احسن اقدام ہے ، ہم سب کو مل کر کوشش کرنے چاہیے کہ ہمارے بچوں کو خسرہ سے بچاؤ کی مہم کے دوران حفاظتی ٹیکے لگائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ تعداد میں آگاہی فراہم کرنے کے لئے ہر مہم سے قبل اور بعد میں مہم کا جائزہ لینا چاہیے اور اس بات کا اندازہ لگایا جانا چاہیے کہ مہم کس قدر فعال اورمثبت رہی ہے انہوں نے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ ہم اپنے حلقہ اثر عوام میں اس مہم کے متعلق آگاہی فراہم کریں گے۔