ملتان، 11 نومبر ( اےپی پی):منیجنگ ڈائریکٹر واساناصراقبال نے کہا کہ پانی قدرت کا بیش بہا خزانہ ہے صاف پانی کا ہر قطرہ قیمتی ہے اس گرانقدر نعمت کی قدر کرنی چاہئیے اور پانی کے ضیاع کو روکنے کیلئے ہر شہری ذمہ داری کا احساس کرے تاکہ زندگی کی اس بنیادی ضرورت سے ہماری آنے والی نسلیں بھی مستفید ہوسکیں۔ انہوں نے کہا کے وقت کا تقاضا ہے کہ پانی کے ضیاع کی روک تھام اور صنعتوں کی وجہ سے زیر زمین پانی کے ذخائر کو آلودگی سے بچانے کے لیے پنجاب واٹر پالیسی 2018 اور پنجاب واٹر ایکٹ 2019 پر سختی سے عمل درآمد کروایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ واسا ملتان کے شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی کیلئے دن رات کوشاں ہیں اور پارلیمنٹیرین کے تعاون سے اس بنیادی سہولت کی فراہمی میں بہتری لانے کیلئے مزید اقدامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز واٹر ایڈ کے زیر اہتمام مقامی ہوٹل میں پنجاب اور سندھ کے پارلیمنٹیرین کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ملتان کے ممبران اسمبلی محمد ندیم قریشی ،ملک سلیم لابر، وسیم خان بادوزئی،میڈم سبین گل پنجاب اور سندھ اسمبلی کے دیگر معززممبران و دیگر موجود تھے۔ ایم ڈی واسا ناصراقبال نے اس دوران گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ ملتان شہر میں 1500کلومیٹر سے زائد طویل واٹر سپلائی نیٹ ورک اور (84)ٹیوب ویلوں کے ذریعے روزانہ 3مرتبہ شہریوں کو صاف پانی کی سہولت فراہم کی جارہی ہے اور واسا کا پانی ساڑھے 4سو فٹ گہرائی سے حاصل کیا جاتا ہے۔ انہوں نے اس دوران مزید کہا کہ صوبہ پنجاب میں اس وقت 19 فیصد شہریوں کو واٹر سپلائی سسٹم کے ساتھ پانی کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے جبکہ 38 فیصد شہری ہینڈ پمپ جبکہ 17 فیصد شہری دیگر ذرائع سے پانی حاصل کر رہے ہیں انہوں نے مزید کہا کہ سینیٹیشن کی سہولت کے تحت 26 فیصد آبادی انڈر گراؤنڈ ڈرین ،4 فیصد آبادی اوپن ڈرین اور 42 فیصد آبادی کورڈ ڈرین کی سہولت سے مستفید ہو رہی ہے جبکہ 28 فیصد آبادی کے ابھی تک ڈرین کی سہولت موجود نہیں۔











