نشتر میڈیکل یونیورسٹی میں3 روزہ فن فیئر کی رنگارنگ افتتاحی تقریب کا انعقاد

31

ملتان، 11 نومبر ( اےپی پی): نشتر میڈیکل یونیورسٹی میں تین روزہ فن فیئر کی رنگارنگ افتتاحی تقریب کا انعقاد گزشتہ روز نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے احاطہ میں ہوا ۔ وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف نے نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے سالانہ فن فیئر کی افتتاحی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ فن فیئر میں طلبہ و طالبات نے مختلف سٹالز لگا رکھے تھے جس میں خورد و نوشت کی اشیاء پینٹنگ اور لباس کے زریعے پنجاب اور پاکستان کے دیگر علاقوں کی ثقافت کو نمایاں طور پر پیش کیا گیا تھا۔ وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی نے مختلف سٹالز کا دورہ کیا اور سٹالز سجانے والے طلباء وطالبات سے بات چیت کی اور سٹال کی تیاری کے حوالے سے انکی کاوشوں اور صلاحیتوں کو خوب سراہا۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ معیاری تعلیمی اور تدریسی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ غیر نصابی سرگرمیاں طلباء وطالبات میں تعمیری و فکری صلاحتیں پیدا کرتی ہیں ۔

فن فیئر   میں پروفیسر ڈاکٹر مسعود الروف ہراج صدر پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن ملتان، پروفیسر ڈاکٹر شاہد ارشاد راؤ ڈائریکٹر سٹوڈنٹس افیئرز نشتر میڈیکل یونیورسٹی، یونیورسٹی کے سینئر فیکلٹی ممبران اور طلباء وطالبات نے کثیر تعداد  شرکت کی۔