پاکستان ان چند معیشتوں میں ہے جس نے کامیابی کے ساتھ کورونا کا مقابلہ کیا؛ وفاقی وزیر   چوہدری فواد حسین

25

اسلام آباد،12نومبر  (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے  جمعہ کو یہاں پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ مہنگائی کی بنیادی وجہ کورونا کے باعث عالمی سطح پر جاری لہر ہے، پاکستان ان چند معیشتوں میں شامل ہے جس نے کورونا وباءکا کامیابی سے مقابلہ کیا، امریکہ، برطانیہ اور یورپی یونین کی معیشتیں بھی کورونا وباءکے باعث شدید دبائو کا شکار ہیں، کورونا کی وجہ سے دنیا کو جو جھٹکا لگا ہے، اس سے باہر آنے میں وقت لگے گا۔

 انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اپنی کمزور معیشت کے باوجود بڑے عالمی چیلنج کا کامیابی سے مقابلہ کیا، دیگر ممالک کے برعکس پاکستان کی معیشت تیزی سے فروغ پا رہی ہے، 1100 ارب روپے زرعی معیشت میں گئے، تعمیراتی شعبہ میں 600 ارب روپے کی سرمایہ کاری ہوئی، مزدور، مستری، پلمبر، عام دکانداروں سمیت کئی طبقات کی آمدن میں اضافہ ہوا ہے، گاڑیوں، موٹر سائیکلوں اور ٹریکٹروں کی فروخت میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے، کسانوں کو ارزاں نرخوں پر یوریا کھاد میسر ہے۔